میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
روزنامہ جرأت کی خبروں کا نوٹس، محکمۂ تعلیم میں انکوائری کا دائرہ وسیع

روزنامہ جرأت کی خبروں کا نوٹس، محکمۂ تعلیم میں انکوائری کا دائرہ وسیع

ویب ڈیسک
منگل, ۲ جون ۲۰۲۶

شیئر کریں

سروس بکس، مالی دستاویزات، ٹرانسفر و پوسٹنگ ریکارڈ، کیش بکس اصل حالت میں محفوظ رکھنے کی ہدایت
ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کو انکوائری آفیسر مقرر تحقیقات کے سلسلے میں اہم احکامات جاری

محکمۂ تعلیم حیدرآباد میں مبینہ مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں سے متعلق روزنامہ جرأت میں شائع ہونے والی خبروں اور رپورٹس کا سرکاری سطح پر نوٹس لے لیا گیا ہے ۔ محکمۂ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی حکومت سندھ نے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں اہم احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے ، جو میڈیا میں رپورٹ ہونے والے الزامات کی تحقیقات کریں گے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ انکوائری کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری ریکارڈ کو محفوظ رکھا جائے ۔حکم نامے کے تحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) حیدرآباد، آفس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ فائلیں، سروس بکس، حاضری ریکارڈ، مالی دستاویزات، ٹرانسفر و پوسٹنگ ریکارڈ، کیش بکس، ای میلز، کمپیوٹر ڈیٹا اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کو اپنی اصل حالت میں محفوظ رکھا جائے ۔مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی ریکارڈ کو تبدیل کرنے ، ضائع کرنے ، چھپانے یا سرکاری تحویل سے باہر منتقل کرنے کی صورت میں ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بھی محکمۂ تعلیم اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس حیدرآباد سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر تحقیقات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ افسران سے مختلف ریکارڈ طلب کیا جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمۂ تعلیم کے بعض معاملات پر میڈیا رپورٹس کے بعد تحقیقات کا عمل مزید تیز ہو گیا ہے ۔محکمۂ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ریکارڈ کے تحفظ اور انکوائری کے احکامات کو اس معاملے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

(نمائندہ جرأت)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں