پی ڈی ایم قوم کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے، چودھری محمد سرور
شیئر کریں
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری سرور نے کہا ہے کہ ہر موڑ پر تحریک انصاف کی قیادت کو سمجھاتا رہا لیکن وہ نہیں سمجھے، مخالفین کو بدنام کرتے کرتے تحریک انصاف خود تباہ ہو گئی۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ 75 سالوں سے چند ایک چہرے ہی قومی و صوبائی اسمبلیوں پر قابض ہیں، تحریک انصاف کا منشور الزامات کے سوا کچھ نہیں، پی ڈی ایم کا بھی کوئی منشور نہیں سوائے توشہ خانہ اور سکینڈلز کے، اس وقت ملک کو مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔چودھری سرور نے کہا سیاست کو قربان کر کے ریاست بچانے کی دعویدار تحریک انصاف ریاست ڈبونے نکل پڑی، اس قوم کے مسائل حل کرنے میں پی ڈی ایم بھی ناکام ہے، متوسط لوگوں کو دعوت دیتا ہوں آئیں ہمیں جوائن کریں، یقین دلاتا ہوں اپنے کارکنان اور ورکرز کو عزت دوں گا، ہم نے خود سے سوال کرنا ہے کیا ہم نے منارٹیز کو حقوق دیئے ہیں، کیا ہم نے اپنی خواتین کو تحفظ دیا ہے؟۔سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے مزید کہا ہے کہ آج ملک میں سیکڑوں خواتین پر تیزاب پھینکا جاتا ہے، ملک میں جزا اور سزا کا نظام ہونا چاہیے، جب میں گورنر تھا تو لوگوں کو پینے کا صاف پانی دیا، میں نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز میرٹ پر لگائے، ہمارے ملک میں کرپشن ہے لیکن کوئی ڈائریکشن نہیں ہے، مل کر پاکستان کو اس دلدل سے نکال سکتے ہیں۔