آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفی رفیق
زکوٰة کی رقم سے مستحق کو راشن دینا
سوال:کیامستحق آدمی کو زکوٰة کی مد میں نقد رقم دیناضروری ہے؟کیوں کہ میں نے سناہے کہ زکوٰة میں مالک بناناشرط ہے یا ہم زکوٰة سے کسی مستحق آدمی کو راشن بھی دے سکتے ہیں یانہیں؟
جواب:مستحق آدمی کو زکوٰة کی نقد رقم دینالازم نہیں،زکوٰة کی ادائیگی سے مقصود مستحق شخص کی ضرورت کو پوراکرناہے، اگراُسے راشن کی ضرورت ہوتوزکوٰة کی رقم سے راشن خرید کردے سکتے ہیں۔
مستحق شخص کونصاب کے برابرزکوٰة کی رقم دینا
سوال:کیاکسی کواتنی زکوٰة دے سکتے ہیں کہ وہ صاحب نصاب بن جائے؟
جواب:بلاضرورت مستحق شخص کواتنی رقم دیناکہ وہ صاحبِ نصاب بن جائے ،مکروہ ہے،لیکن زکوٰة اداہوجائے گی۔البتہ اگرکسی مستحق کوضرورت کی وجہ سے مثلاًگھریاکسی اورشی کے خریدنے کے لیے نصاب کے برابریااس سے زائدرقم دی جائے توکوئی حرج نہیں۔ (فتاویٰ شامی، کتاب الزکوٰة،2/353،ط:ایچ ایم سعید)
روزے کی حالت میں انسولین لگوانا
سوال:میں شوگرکامریض کبھی مرض بڑھ جاتاہے،انسولین روزے میں لگواسکتاہوں؟
جواب:روزے کی حالت میں انسولین لگواسکتے ہیں ۔اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
بلااختیارقے آنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا
سوال:کیاروزے کی حالت میں الٹی ہوجانے سے روزہ ٹوٹ جاتاہے یانہیں؟تفصیلی جواب مطلوب ہے۔
جواب:اگرروزے کی حالت میں بلا اختیارقے ہوجائے چاہے تھوڑی ہویازیادہ اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا،بدستورروزہ برقرار رہتا ہے۔البتہ اگرقے آئی اور اپنے اختیارسے ایک چنے کے برابریااس سے زائد واپس لوٹالی توروزہ ٹوٹ جائے گااور قضاکرنی ہوگی۔(فتاویٰ شامی، 2/414،ط:ایچ ایم سعید)
روزے کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنا
سوال:کیاروزے کی حالت میں آنکھ میں دوائی ڈال سکتے ہیں یانہیں؟
جواب:روزے کی حالت میں آنکھ میں دوائی ڈالنادرست ہے اس سے روزے پرکوئی اثرنہیں پڑتا۔(فتاویٰ شامی، 2/395،ط:ایچ ایم سعید)
مسجدمیں زکوٰة کی رقم کااستعمال جائز نہیں
سوال:ایک مسجدمیں کچھ سامان کی ضرورت ہے،کیامیں وہ سامان زکوٰة کی رقم سے خریدکرمسجد میں دے سکتاہوں یانہیں؟
جواب:زکوٰة کی ادائیگی کے لیے کسی مستحق زکوٰة کو بلاکسی عوض کے مالک بناکردیناشرط ہے،لہٰذازکوٰة کی رقم مسجدمیں خرچ کرناجائزنہیں،اورنہ ہی زکوٰة کی رقم سے مسجدکاسامان خریدسکتے ہیں۔البتہ اگرزکوٰة کی رقم کسی غریب مستحق کودی جائے اور وہ اپنے قبضہ کے بعد خودمسجدمیں یاسامان کی خریداری میں صرف کردے تودرست ہے۔(فتاویٰ ہندیہ، 2/473،ط:رشیدیہ کوئٹہ)
سوال:عام دنوں میں توہم وترکی نماز اکیلے ادا کرتے ہیں، اور رمضان المبارک میں جماعت کے ساتھ امام کی اقتداءمیں وترپڑھتے ہیں،توکیاہم وترمیں امام کی اقتداءمیں دعائے قنوت پڑھیں گے یاخاموش رہیں گے؟
جواب:امام کی اقتداءمیں وترپڑھتے ہوئے دعائے قنوت پڑھنی چاہیے۔(غنیة المستملی،ص؛403)
ڈرپ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا
سوال:روزے کی حالت میں ڈرپ لگواناجائزہے یانہیں؟
جواب:انجکشن یاڈرپ لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا،البتہ بلاضرورت ان کااستعمال مناسب نہیں۔
روزے کی حالت میں شوگرٹیسٹ کروانا
سوال:کیاشوگرکامریض روزے کی حالت میں شوگرٹیسٹ کرواسکتاہے یانہیں؟یعنی خون کے نکلنے سے روزے پرکوئی اثر پڑے گا یا نہیں؟
جواب:خون کے نکلنے سے روزے پرکوئی اثر نہیں پڑتا،روزے میں شوگرٹیسٹ کروانا درست ہے۔ (بدائع الصنائع، 2/92،ط:ایچ ایم سعید)