مسجدنبوی ﷺکی بے حرمتی،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شیخ راشد گرفتار
شیئر کریں
تحریک انصاف کے ایم این اے اور شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔رکن قومی اسمبلی اور شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو اٹک کی مقامی سول جج درجہ اول مشتاق جنجوعہ کی عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا گیا اس موقع پر مدعی مقدمہ محمد طارق ایڈوکیٹ اور ان کے ہمراہ سینئر قانون دان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور دیگر وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔سول جج مشتاق حسین جنجوعہ نے شیخ راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تو لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے، آپ ابھی سے گھبرا گئے اور پی ٹی آئی قیادت پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا، آپ نے اب گھبرانا ہے، عوام کا سمندر آپ کو بہالے جانے کے لیے تیار ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جب دماغ سن ہو جائے تو ایسی اوچھی حرکتیں ہوتی ہیں۔قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔شیخ راشد شفیق نجی ائیر لائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے کہ شیخ راشد شفیق نے مسجد نبوی ؐ میں وفاقی وزراء کے ساتھ پیش آئے افسوسناک واقعے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔