کراچی ،کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 6 موبائل مارکیٹ سیل
شیئر کریں
کراچی میں انتظامیہ نے کرونا وائرس کے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 6 موبائل مارکیٹوں کو سیل کردیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جمعہ 30 اپریل کو کراچی کے علاقے عبد اللہ ہارون روڈ پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران سماجی فاصلے ، ماسک نہ پہننے ، دکان میں زیادہ گاہکوں کی موجودگی اور وقت کی پابندی نہ کرنے پر 6 موبائل مارکیٹوں کو سیل کیا گیا۔ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ان 6 موبائل مارکیٹوں کو تاحکم ثانی سیل کیا گیا ہے ۔قبل ازیں تاجروں نے سندھ حکومت سے ہفتہ میں دو کے بجائے ایک روز کاروبار بند کرنے اور کاروباری اوقات بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے تحت ہفتے میں 6 روز کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے ۔تاجروں کی جانب سے مراکز کے اوقات صبح 10 سے رات 10 بجے تک کرنے اور کاروباری اوقات دوپہر 12 بجے سے رات 12 بجے تک کرنے کی بھی تجویز دی گئی تھی۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی کے ڈسٹرکٹ کورنگی کی 6 یوسیز میں 15 دن کیلئے اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا۔ کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر کراچی کی ڈسٹرکٹ کورنگی میں 15 دن کیلئے اسمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے ۔ اسمارٹ لاک ڈاون کے احکامات ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر ڈی سی کورنگی نے جاری کئے ۔نوٹی فکیشن کے مطابق ناصر کالونی، بھٹائی کالونی، سلور ٹاون کی مختلف یو سیز میں لاک ڈاون ہوگا۔ شاہ فیصل کالونی، ڈرگ کالونی، رفاہ عام اور الفلاح کے علاقے بھی شامل ہیں۔متاثرہ علاقے میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے ، جب کہ متاثرہ علاقوں کے لوگ کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے ۔