میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ماہ رمضان کی آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں کی حکمت عملی تیار

ماہ رمضان کی آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں کی حکمت عملی تیار

ویب ڈیسک
منگل, ۲ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں ”غیر رسمی“ ملاقاتیں شروع،ذخیرہ اندوزوں نے درجنوں سرکاری افسران کو عمرے کی خوشخبری بھی سنادی
ایک مخصوص کاروباری حلقے نے کراچی کے39بڑے گودام کرائے پر لے لیے ،سندھ میں40سے45ارب روپے کمانے کی منصوبہ بندی مکمل ،حکومت خاموش
الیاس احمد
پوری دنیا میں یہ اصول ہے کہ اہم مذہبی تہواروں پر اشیائے خوردونوش اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے۔ پورے یورپی ممالک میں25دسمبر کو کرسمس کے موقع پر تمام اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے۔ نچلا اور متوسط طبقہ گھریلو اشیائ‘ کپڑے‘ جوتے‘ بیلٹ‘ کوٹ‘ پینٹ‘ شرٹ‘ ٹائیاں اور دیگر اشیاءاسی دن خریدلیتے ہیں اور پھر پورا سال اس کو استعمال کرتے ہیں۔ عرب ممالک میں بھی رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں جگہ جگہ مفت میں سحری وافطاری کرائی جاتی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے۔ عیدین کے موقع پر بھی کپڑے‘ پرفیوم‘ جوتے وغیرہ سستے کردیےجاتے ہیں لیکن پیارے پاکستان میں یہ سب الٹا ہوتا ہے۔ عام مہینوں میں دکاندار کچھ نہ کچھ رعایت کردیتا ہے لیکن ماہ رمضان المبارک میں رعایت کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ جنرل (ر) پرویزمشرف کی جانب سے حکومت پر قبضہ کرنے سے قبل ریونیو افسران اسسٹنٹ کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات تھے جس کے باعث کچھ کام تو ریونیوافسران کرجاتے تھے لیکن جیسے ہی ریونیوافسران سے مجسٹریٹ کے اختیارات ختم ہوئے ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہوگئی اور انہوں نے اپنی مرضی سے گوشت‘ مرغی‘ چاول‘ آٹے‘ دال‘ چنے‘ لوبیا‘ سبزیوں‘ فروٹ‘ کھجور‘ شربت کے اپنی مرضی سے نرخ مقرر کردیے جس کے باعث عوام بیچارے مجبور ہوکر مہنگی چیزیں خرید رہے ہےں۔ کہیں حکومت، مجسٹریٹ‘ پولیس یا کوئی سرکاری ادارہ موجود نہیں ہے جو ان ذخیرہ اندوزوں سے پوچھے کہ وہ کس حساب سے یہ نرخ مقرر کررہے ہیں اور کس نے اس کی منظوری دی ہے؟ اگر کسی نے کچھ اعتراض کیا تو اس سے کہہ دیا گیا کہ جاﺅ جہاں جانا ہے چلے جاﺅ۔مارکیٹ سے آنے والی رپورٹوں کے مطابق رمضان کے استقبال کے لیے ذخیرہ اندوزوں نے ایک بار پھر کمر کس لی ہے اور صرف صوبہ سندھ میں40سے45ارب روپے کمانے کی منصوبہ کرلی گئی ہے اور اس میں سے چار پانچ ارب روپے ”اوپر“ دینے کے لیے رکھ دیے گئے ہیں جس میں ڈسٹرکٹ پولیس‘ ٹریفک پولیس‘ اسپیشل برانچ‘ ریونیو افسران اور کچھ اعلیٰ افسران اور حکومتی شخصیات کے حصے شامل ہیں، جب سب کو ان کا حصہ مل جائے گا تو پھر وہ کیوں چھاپے ماریں گے؟ وہ کیوں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے؟ ذرائع کے مطابق ایک مخصوص کاروباری حلقے نے کراچی کے39بڑے گودام کرائے پر لے لیے ہیں اور شہر میں16کولڈ اسٹوریج فروٹ سے بھردیے گئے ہیں جبکہ 39 گوداموں میں دیگر اشیائے خوردونوش رکھ دی گئی ہیں،440ٹرکیں‘ شہروز منی ٹرکیں بھی کرائے پر لے لی گئی ہیں اور ریونیو افسران‘ ڈسٹرکٹ پولیس‘ ٹریفک پولیس سے بھی ”ڈیلنگ “مکمل کرلی گئی ہے۔خدشات یہ ہیں کہ ماہ رمضان المبارک کے آتے ہی مہنگائی کا سیلاب آجائے گا۔واقفانِ حال کہتے ہیں کمشنر سے لے کر مختارکار تک سب مہنگائی کی مذمت کریں گے اور عوام‘ میڈیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے روزانہ پانچ سے آٹھ چھاپے مارے جائیں گے اور ان چھاپوں میں30سے45ہزار روپے جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے لیکن مہنگائی جوں کی توں قائم ودوائم رہے گی اور ہر ایک کو اپنا حصہ ملتا رہے گا۔ گوشت ایسوسی ایشن‘ مچھلی کے بیوپاری‘ سبزیوں کے بیوپاری‘ پھلوںکے تاجر‘ شربت فروخت کرنے والے ڈیلر‘ بیسن‘ چاٹ فروخت کرنے والے دکاندار ابھی سے رمضان میں مصنوعی مہنگائی کرنے کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں۔ دودھ فروش اس ماہ40ہزارلیٹر اضافی دودھ اورڈھائی ہزارکلو دہی اضافی فروخت کریں گے۔ دودھ میں حسب معمول پانی‘ کیمیکل‘ کھاد‘ خشک دودھ ڈالیں گے لیکن ان کو کوئی بھی ادارہ کچھ نہیں کہے گا۔ گوشت فروخت کرنے والوں کا بھی یہی حال ہوگا۔ 13لاکھ بیمار جانور بھینس کالونی میں لائے گئے ہیں تاکہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں ذبح کرکے فروخت کیے جاسکیں ۔اسی طرح پشاور‘ کوئٹہ اور ملک کے مختلف اضلاع سے سبزیاں‘ فروٹ روزانہ سڑکوں پر لائی جارہی ہیں۔ کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں ابھی سے ”غیر رسمی“ ملاقاتیں شروع ہوگئی ہیں۔ ذخیرہ اندوزوں نے48سے زائد سرکاری ملازمین کو تحفہ کے طور پر عمرے پر بھیجنے کی خوشخبری سنادی ہے۔ باقی تحفے تحائف بھی دیے گئے ہیں تاکہ رمضان المبارک سے قبل سرکاری افسران کی ”اچھی“ عید ہوجائے۔ حکومتی سطح پر15شعبان کے بعد ایک دو اجلاس بلاکر مصنوعی مہنگائی کو روکنے کے احکامات دے دیے جائیں گے لیکن سوال یہ ہے کہ اس پر عمل کون کرائے گا؟ جب حکومتی مشینری اور پولیس پہلے ہی اپناحصہ لے چکی ہیں تو وہ پاگل ہیں کہ نمک حرامی کریں؟ عوام کا اللہ ہی حافظ ہے، رمضان کی آمد سے قبل سرکاری افسران کی عید بھی ہوگئی ہے ،عوام کو پیشگی عید مبارک ہو۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں