ذمہ داران آگے بڑھیں اور فوری منصفانہ انتخابات کا اعلان کرائیں، وزیر داخلہ
شیئر کریں
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوری الیکشن ووٹ فروخت کرنے والوں کے حساب کیلئے ہے ،ذمہ داران آگے بڑھیں اور فوری منصفانہ انتخابات کا اعلان کرائیں،اتوار کو عمران خان ہار بھی گیا تو چوک چوراہے میں آئیگا تو بچہ بچہ ساتھ ہے، ڈرنا نہیں چوروں لٹیروں کے ساتھ عمران خان لڑیگا،اصلی اور نسلی مشکل میں وقت کھڑا ہوتا ہے راولپنڈی بکنے والے کو پسند نہیں کرتا، عمران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔وہ جمعہ کو راولپنڈی کے وقارالنساء کالج کو یونیورسٹی کادرجہ ملنے پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق ،ڈائریکٹر کالجز شیر ستی، انتظامیہ و فیکلٹی ممبران کے علاوہ طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وقار النساء کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکا شکر گزارہوں۔انہوں نے بتایا کہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ وقارالنساء کالج کویونیورسٹی کا درجہ دینے میں تاخیر ہوئی اوراسی یونیورسٹی میں راولپنڈی کی غریب پڑھی لکھی 264 بچیوں کو میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں گی اوراب راولپنڈی پاکستان کا وہ واحد شہر ہے جہاں صرف خواتین کی چار یونیورسٹیز ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ تعلیمی میدان میں راولپنڈی شہر کا پاکستان میں پہلا نمبر ہے اور اسی شہر سے رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس میں ٹاپ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں ہم نے کسی بدمعاش کو نہ سر اٹھانے دیا اور نہ ہی کسی کی زمین پر قبضہ ہونے دیا کیونکہ اس شہر کی ماں اوربیٹی پڑھی لکھی اورہم نے ایسا تعلیمی نظام بنایا ہے کہ راولپنڈی کی ہر ڈھوک میں سکول اور کالج بنائے ہیں تاکہ بچیاں اپنے گھر سے نکلیں تو انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا کے وہاں پوسٹ گریجویٹ کالج کی تعمیرکے لیے 34کروڑ66لاکھ روپے کی منظوری دلوائی۔