لاہور قلندرز کی ہوم گرائونڈ پرمسلسل تیسری فتح
شیئر کریں
لاہور قلندرز کی ہوم گرائونڈ پرمسلسل تیسری فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو17 رنز سے شکست دیکر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، سکندر رضا 34گیندوں پر71 رنز بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 18 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دے دیا۔ کوئٹہ سات وکٹوں کے نقصان پر131 رنز بنا سکی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کے بیٹرز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ بولنگ پرفارمنس کے آگے بیبس نظر آئے اور وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔ قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی خود پہلے بیٹنگ کرنے آئے لیکن یہ حربہ بھی کام نہ آیا اور صرف 16 رنز کے مہمان ٹھہرے ۔ ایک موقع پر جب لاہور قلندرز کی ٹیم 50 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو سکندر رضا کوئٹہ کے بولرز کے سامنے ڈٹ گئے ۔ انہوں نے 21 رنز بنانے والے راشد خان کے ہمراہ 69 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، راشد خان کے آئوٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ سکندر رضا نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا ٹوٹل 148 رنز تک پہنچایا۔ راشد خان کے 21، شاہین شاہ آفریدی کے 16 اور عبداللہ شفیق کے 15 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز اور نوین الحق نے دو، دو جبکہ عمید آصف، اوڈین اسمتھ اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں کوئٹہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 131 رنز بنائے ۔کوئٹہ کی جانب سے ول اسمیڈ 25 گیندوں پر 32 اور کپتان سرفراز احمد 28 گیندوں پر 27 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ سرفراز ناٹ آئوٹ رہے تاہم ٹیم کو جیت نہ دلا سکے ۔ لاہور کی جانب سے حارث روف نے 3، راشد خان نے 2 اور ڈیوڈ وایز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔خیال رہے کہ لاہور قلندرز 6 میں سے 5 میچز کھیل کر 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور اس کے پلے آف میں پہنچنے کی راہ ہموار ہے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے اور آخری نمبر پر ہے ۔