بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، ڈائریکٹر لینڈ کی بھرتی و ترقی مشکوک ہونے کا انکشاف
شیئر کریں
بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے پر براجمان کی بھرتی و ترقی مشکوک ہونے کا انکشاف، محرم علی 9 جنوری 2013 کو گریڈ 14 میں اسسٹنٹ کے عہدے پر بھرتی ہوا، ابتدائی پوسٹنگ ٹی ایم اے بھریا ضلع نوشہروفیروز میں ہوئی، ستمبر 2022 میں بطور گریڈ 17 کے ایڈمنسٹریٹر سب ڈویژن مراد میمن ملیر کی گئی، اکتوبر میں ڈائریکٹر لینڈ مقرر کیا گیا، غیرقانونی بھرتیاں کرنے کا بھی الزام، تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے پر براجمان ملازم کی بھرتی و ترقی مشکوک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ روزنامہ جرأت کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق محرم علی ساند کو 9 جنوری 2013 میں گریڈ 14 میں بطور اسسٹنٹ بھرتی ہوا اور اس کی ابتدائی پوسٹنگ ضلع نوشہروفیروز کے شہر بھریا کے ٹی ایم اے میں کی گئی، ستمبر 2022میں محرم علی ساند کو گریڈ 17 کا کونسل ملازم دکھا کر ایڈمنسٹریٹر سب ڈویژن مراد میمن ضلع ملیر کراچی مقرر کیا گیا، اکتوبر کو محرم علی ساند کو ڈائریکٹر لینڈ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد مقرر کیا گیا، تاہم پھر اسے ہٹا دیا گیا جس کے خلاف محرم علی ساند نے عدالت میں درخواست دائر کی،2 نومبر کو سابق سیکریٹری نے سندھ ہائی کورٹ کی پٹیشن کا حوالہ دیکر ایک آرڈر نکالا جس کے تحت محرم علی ساند کو ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے پر کام جاری رکھنے کا کہا گیا، ذرائع کے مطابق محرم علی ساند نے غیرقانونی بھرتیاں بھی کی ہیں، جبکہ لیز کے معاملے پر بڑے پیمانے پر گھپلے کئے گئے، محرم علی ساند کی گریڈ 14 سے 17 تک کی ترقی بھی سوالیہ نشان ہے۔