میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم کیو ایم کا ایجنڈا کراچی نہیں ، ہمیشہ عوامی مینڈیٹ فروخت کیا ،حافظ نعیم الرحمن

ایم کیو ایم کا ایجنڈا کراچی نہیں ، ہمیشہ عوامی مینڈیٹ فروخت کیا ،حافظ نعیم الرحمن

ویب ڈیسک
پیر, ۲ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں ، بجلی ، پانی ، تعلیم ، روزگار ، علاج اور ٹرانسپورٹ کی سہولت مانگ رہے ہیں ، نااہلی اور کرپشن کرنے والے مسائل حل نہیں کر سکتے ۔ بلاول کراچی میں کوئی ایک سرکاری اسکول ایسا بتادیں جس میں وہ یا ان کی حکومت کے وزیر یا مشیر اپنے بچوں یا رشتہ داروں کو تعلیم دلواسکتے ہیں ۔ وہ بتائیں کہ K-4منصوبہ 15سال میں کیوں مکمل نہیں ہو سکا۔ نا اہلی جمع نا اہلی ، نا اہلی اور صفر جمع صفر، صفر ہی رہیں گے ۔ ایم کیو ایم کا ایجنڈا کراچی اور کراچی کے عوام کبھی نہیں رہے ۔ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو فروخت کیا ۔ جعلی مردم شماری کی منظوری دلوائی اور کوٹہ سسٹم کو آگے بڑھایا ۔ پی ٹی آئی والے بھی ووٹ لے کر کراچی کو بھول گئے ، بار بار دھوکہ دینے والے کراچی کی تقدیر نہیں بدل سکتے ۔ عوام 15جنوری کو ترازو پر مہر لگا کر اپنے ووٹ کی طاقت سے شہر کی اور اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کر شہر کے ہر علاقے اور ہر فرد کی خدمت کرے گی اور سب کو ساتھ لے کر چلے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد نمبر 8 میں ’’تعمیر لیاقت آباد کنونشن ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے امیر ضلع گلبرگ وسطی و سابق ٹائون ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، سابق نائب ٹائون ناظم لیاقت آباد و نامزد چئیرمین یوسی 6شہاب الدین ،ناظم علاقہ لیاقت آبادمسعود علی ،نامزد چیئرمین یوسی 4عبید احمد خان،نامزد چیئرمین یوسی 5معین عباس مدنی،نامزد چیئرمین یوسی 3یونس بندھانی، نامزد چئیرمین یوسی 2ارشاد احمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر صدر متحد القریش جاوید قریشی ، صدر رؤف کریانہ مارکیٹ شاہ زیب فاروق، صدر جیولرز ایسوسی ایشن اکرم قریشی ،سماجی رہنماصلاح الدین ایڈووکیٹ، سمیت قریشی وشاہجہاں پوری برادری کے نمائندے بھی موجود تھے ۔کنونشن میں لیاقت آباد کے مرد و خواتین ، بچوں ، بزرگوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 8جنوری کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان اور تاریخی ’’اعلان کراچی ، جلسہ عام ‘‘ ہوگا جس میں شہر کے گھمبیر مسائل کے حل کے حوالے سے جماعت اسلامی کا واضح روڈ میپ اور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔حکومت ، پولیس اور متعلقہ ادارے اگر عوام کی جان و مال کا تحفظ نہ کر سکیں تو عوام خود اپنا تحفظ کس طرح کریں اس کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔ بلدیاتی انتخابات عوام کا آئینی و قانونی اور جمہوری حق ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں