ایٹم بم کا بٹن ہر وقت میرے ہاتھ میں رہتا ہے، کم جونگ کی امریکا کو دھمکی
شیئر کریں
پیانگ یانگ (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ امریکا کبھی بھی جنگ کا آغاز نہیں کر سکتا،کیونکہ جوہری ہتھیار چلانے کا بٹن ہر وقت اْن کی میز پر موجود ہوتا ہے۔سالِ نو کے موقع پر ٹی وی پر نئے سال کے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پورا امریکا شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کی پہنچ میں ہے۔اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حقیقت ہے، کوئی دھمکی نہیں،تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنوبی کوریا کے لیے زیتون کی ایک مضبوط شاخ کی پیشکش کی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ مزاکرات کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا سیول میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں اپنی ٹیم بھیج سکتا ہے۔گزشتہ سالوں کے دوران جوہری پروگرام اور بار بار میزائل کے تجربے کے سبب شمالی کوریا پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔سیاسی طور پر تنہا کر دیے جانے والے ملک شمالی کوریا نے سال 2017 میں چھ زیر زمین جوہری تجربے کیے اور زیادہ صلاحیت والے میزائل کے تجربے کا مظاہرہ کیا ہے۔نومبر میں اس نے ہواسانگ-15 کا تجربہ کیا جس نے4475 کلو میٹر کی بلندی پر سفر کیا، جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی اونچائی سے دس گنا سے بھی زیادہ ہے۔شمالی کوریا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایسا جوہری ہتھیار تیار کرلیا ہے جسے کبھی بھی میزائل کے ذریعے لانچ کیا جا سکتا ہے۔