
نیشنل بینک میں سونے کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل
شیئر کریں
نیشنل بینک میں سونے کے اصل زیورات کی جگہ جعلی سونا رکھ دیا گیا، بینک افسران اور ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف،انتظامیہ سونے کے زیورات چوری کرنے والے ملازمین سے بھاری رقم وصول کرنے میں ناکام ہوگئی۔جرأت رپورٹ کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کے سراج برانچ، سیالکوٹ میں بینک کے عملے نے سونے کے زیورات جعلی سونے کے ساتھ تبدیل کر دیے، برانچ میں 168 شہریوں نے سونے کے زیور بینک میں گروی رکھنے کے بعد قرض حاصل کیا جس پر بینک افسران اور ملازمین نے 110 شہریوں کا سونا چوری کرکے اس کی جگہ سونے کے جعلی زیورات رکھ دیے جس کے باعث نیشنل بینک کا نام بدنام ہوگیا اور قومی ادارے کو ایک کروڑ 30 روپے کا نقصان ہوا، انکوائری میں انکشاف ہوا کہ بینک کے 4 ملازمین سونا تبدیل کرنے میں ملوث ہیں، جس کے بعد 3 ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایک ملازم کا گریڈ کم کر دیا گیا، سیالکوٹ کی سراج برانچ کے منیجر کے کمزور انتظامی کنٹرول کے باعث شہریوں کو مالی نقصان ہوا ۔ انتظامیہ نے سیالکوٹ میں سونے کے زیورات کے اسکینڈل کی تحقیقات میں تاخیر کی جس کی وجہ سے اسکینڈل میں ملوث ایک ملازم ریٹائر ہوگیا ، جس کے باعث انتظامیہ نے اس کو ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے برطرف کیا، سونے اسکینڈل کے ایک کردار نے عدالت سے حکم امتناع لے لیا جس کے باعث ان کے خلاف کارروائی پر عملدرآمد نہ ہوسکا، سونے کے اصل زیورات کی چوری ہونے کے باوجود بینک کے سابق عملے سے اصل سونا یا بھاری رقم وصول نہیں کی گئی۔