جشن میلادالنبیؐ ، کراچی بازی لے گیا، 12ارب روپے سے زائد کی سجاوٹ
شیئر کریں
کراچی(رپورٹ/ عبدالستار آزاد) عید میلادؐ کا جشن، کراچی پورے ملک سے آگے، 12 ارب روپے سے زائد کی سجاوٹ، 50 لاکھ سے زائد جھنڈے اور 3 کروڑ سے زائد جھنڈیاں بنائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سالوں کی طرح رواں سال عید میلادؐ کے موقع پر کراچی کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ اس حوالے سے تاجروں کی جانب سے ملنے والے اعدادو شمار کے مطابق رواں سال 12 ارب روپے کے برقی قمقمے، جھنڈے اور جھالریں لگائی گئی ہیں، جبکہ 50 لاکھ سے زائد بڑے جھنڈے تیار کیے گیے ہیں۔ اس کے علاوہ 3 کروڑ سے زائد چھوٹے جھنڈے اور جھنڈیاں تیار کی گئیں ہیں۔ ایکسپورٹر کی جانب سے رواں سال 80 کروڑ روپے سے زائد کے برقی قمقمے اور پلاسٹک کی جھنڈیاں چین سے تیار کرائیں ہیں۔ اس حوالے سے کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے ثابت کردیا ہے کہ کراچی نبیؐ کے غلاموں کا شہر ہے۔ یہاں پر سب سے زیادہ چراغاں کیا گیا ہے۔ شہریوں کی تعداد میں ربیع الاول کے موقع پر بڑی تعداد میں برقی قمقمے، جھالریں اور جھنڈے خریدے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کراچی سمیت پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، لیکن کراچی میں پورے ملک میں سب سے زیادہ جوش دیکھنے میں آتا ہے۔