میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آئی جی سندھ پولیس نے سندھ کابینہ کے چھکے چھڑا دیے

آئی جی سندھ پولیس نے سندھ کابینہ کے چھکے چھڑا دیے

الیاس احمد
بدھ, ۱ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

پاکستان کی تاریخ کا یہ عجیب و غریب المیہ ہے کہ اچھی شہرت رکھنے والا آئی جی اے ڈی خواجہ کہتا ہے کہ میں خود کرپشن بھی نہیں کرسکتا اور نہ ہی کسی دوسرے کو کرپشن کرنے دوں گا۔ اور صوبائی حکومت یہ کہہ رہی ہے کہ آپ اگر کرپشن نہیں کرتے تو پھر آپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ،آپ مہربانی کر کے سندھ سے چلے جائیں۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو بلایا گیا اور ان سے کہاگیا کہ وہ آکر وضاحت کریں کہ ان کو کیوں نہ ہٹایا جائے؟ حکومت سندھ سمجھ رہی تھی کہ جب آئی جی سے کہا جائے گا کہ ٓاپ گریڈ 21 کے ہیں اوران سے اوپر گریڈ 22 کا ایک افسر سردار عبدالمجید دستی موجود ہے تو آئی جی کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا اور یوں حکومت سندھ کا پلڑا بھاری ہوجائے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
آئی جی نے چار صفحات پر مشتمل پرزنٹیشن پیش کی تو سندھ کابینہ کے ارکان کے چہرے پھیکے پڑگئے وہ ایک دوسرے کی جانب دیکھنے لگے اور دل ہی دل میں کہنے لگے کہ ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن پارٹی قیادت کے حکم پر وہ مجبور ہیں آئی جی نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک آئی جی اور چیف سیکریٹری کے عہدوں کے لیے گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے افسران کا تقرر کیا جاتا ہے۔ بلکہ بلوچستان میں گریڈ 22 کے پولیس افسر محمد ایوب قریشی آئی جی تھے ان کو وفاقی اور حکومت سندھ نے ہٹاکر گریڈ 21 کے افسر کو آئی جی بنادیا۔ آئی جی نے کابینہ کے سامنے پوری تفصیل پیش کی اوربتایا کہ اس وقت صرف پنجاب کے آئی جی پولیس گریڈ 22 کے ہیں لیکن جب ان کو آئی جی بنایا گیا تھا تو اس وقت وہ بھی گریڈ 21 میں تھے اور تقرری کے دو ماہ بعد ان کو گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی دی گئی۔
اس وقت آزاد کشمیر، بلوچستان، خیبر پختوانخواہ، پاکستان ریلوے پولیس، موٹروے پولیس کے آئی جی پولیس، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پولیس اکیڈمی سمیت گیارہ اہم عہدوں کے سربراہ گریڈ 21 کے افسران ہیں۔ اسی طرح چیف سیکریٹری بھی گریڈ 21 اور 22 کے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں بھی 2005 سے 2017تک 12 برسوں میں 17 آئی جی پولیس کا تقرر کیا گیا جس میں سے 14 آئی جی گریڈ 21 کے تھے تو کیا ان کا تقرر بھی او ن پے اسکیل (او پی ایس) کے تحت کیا گیا تھا؟ ایسا نہیں ہے ان کا جب تقرر کیا گیا تھا تو اس وقت وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے باہمی طریقوں سے تقرری عمل میں آئی تھی، انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے 9 ستمبر اور سپریم کورٹ کے انیتا تراب کیس کا بھی حوالہ دیا جس کے تحت سینیئر افسر کو جب کسی اعلیٰ عہدے پر مقرر کیا جائے تو اس وقت تک ان کو نہ ہٹایا جائے جب تک کوئی سبب نہ ہو اور وہ سمجھتے ہیں کہ سندھ ہائی کورٹ کے 9 ستمبر کے فیصلے میں تفصیلی فیصلہ دے دیا ہے۔ اس کے بعد بھی ان کو ہٹانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
آئی جی نے چار صفحات کی پرزنٹیشن کیا پیش کی حکومت سندھ کی بنیادیں ہلاکر رکھ دیں کسی میں اتنی ہمت نہ تھی کہ وہ بتائی گئی تاریخی باتوں کو جھٹلاتا یا پھر اپنی طرف سے نئی چیزیں شامل کرتا لیکن سندھ کابینہ کے ارکان کے پاس بولنے کے لیے کچھ نہ تھا وہ تو کٹھ پتلی ہیں،اس کی ڈوریاں پارٹی قیادت اور ان کے کاروباری شراکت دار کے پاس ہیں اور وہ جیسے ڈوریاں ہلاتے ہیں صوبائی حکومت ایسا ہی کرتی ہے۔ آئی جی سندھ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ میں پولیس میں بھرتیاں ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں میرٹ پر کروں گا کسی سے ایک روپیہ نہیں لوں گا۔ حکومت سندھ اور پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اور ان کے کاروباری شراکت دار کہتے ہیں کہ یہ ہمیں منظور نہیں ہے ۔آپ ان بھرتیوں سے اتنے پیسے لو کہ خود بھی کھائو اور ہمیں بھی کھلائو ورنہ چلتے بنو ہمیں ایسے بندے کی قطعی ضرورت نہیں ہے جو نہ خود کھائے اور نہ ہمیں کھانے دے۔ پھر آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس میں جو ٹھیکے ہوتے ہیں وہ صاف شفاف طریقے سے دیتے جائیں گے اور جو سالوں سے ٹھیکیدار بنے ہوئے تھے اور غیر معیاری اشیاء فراہم کررہے تھے ان کو بلیک لسٹ کیا جائے گا ،تو حکومت سندھ اور پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اور ان کے کاروباری شراکت دار کہتے ہیں کہ نہیں ایسا نہیں ہوگا۔ برسوں سے جو سسٹم چل رہا ہے اور جو ٹھیکیدار نام بدل کر کام کررہے ہیں ان کو ہی چلنے دیا جائے صاف شفاف ٹھیکے ہوں گے تو کیا ہم بھوک سے مریں گے؟ آئی جی تہیہ کرتا ہے کہ پولیس افسر ان کی پوسٹنگ میرٹ پر ہوگی۔ خوشامدی افسران کو اہم عہدے نہیں دیئے جائیں گے تو حکومت سندھ پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اور ان کے کاروباری شرکت دار کہتے ہیں کہ پاگل ہوگیا ہے کیا؟ جو افسران جی حضوری میں آگے نکل چکے ہیں۔ جو روزانہ آکر حاضری دیتے ہیں کیا ہم اتنے گئے گذرے ہیں کہ خوشامد رکرنے والے افسران کو بھول جائیں؟ اب یہ ایک تاریخ لکھی جائے گی کہ ایک آئی جی اچھا کام کرنا چاہتا تھا مگر صوبائی حکومت اور پارٹی قیادت، ان کے کاروباری شراکت دار انہیں اچھا کام کرنے نہیں دیتے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں