محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں بااثر ٹھیکیدار گلاب اوڈ کا سسٹم، نیب کو تحقیقات کی درخواست
شیئر کریں
محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں بااثر ٹھیکیدار گلاب اوڈ کا سسٹم، سندھ واچ فورم نے نیب کو تحقیقات کی درخواست دے دی، سابق سندھ حکومت کے طاقتور شخصیت کے مبینہ فرنٹ مین نے کروڑوں روپے لیکر ٹھیکے الاٹ کروائے، درخواست، کراچی و حیدرآباد میں اربوں روپے کی جائیداد سمیت پیسے کینیڈا منتقل کئے گئے، درخواست میں انکشاف، تفصیلات کے مطابق محکمہ ورکس اینڈ سروسز میں گلاب اوڈ نامی ٹھیکیدار کے لاگو کردہ سسٹم میں اربوں روپے کی میگا اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں سندھ واچ فارم نامی ادارے کی جانب سے نیب کو لکھی گئی درخواست میں اہم انکشافات کئے گئے ہیں، درخواست کے مطابق گلاب اوڈ نامی ٹھیکیدار سابقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر مور اوڈ کا بھائی ہے اور سندھ حکومت کی سابقہ طاقتور شخصیت کا فرنٹ مین ہے، ٹھیکیدار گلاب اوڈ نے اے این ای کوسٹل ہائے وے عمیر سدہایو، ایکسین ایریگیشن ہالا ڈویژن خالد جان بلوچ، ایکسین کوسٹل ہائے وے حیدرآباد ڈویژن وحید علی بھٹی سمیت دیگر افسران سے مل کر کراچی سمیت سندھ کے متعدد ڈویژن ایک دہائی کے دوران کھربوں روپے کے ٹھیکے اپنی کنسٹرکشن کمپنیوں کو ایوارڈ کروائے، درجنوں اسکیموں کو سرے سے گم کرکے اربوں روپے سمیت ضلع نوابشاہ کے ورکس اینڈ سروسز میں 4 سو کروڑ روپے کے فنڈ خرد برد کردیے، درخواست کے مطابق مذکورہ ٹھیکیدار نے خیابان بخاری کراچی، ڈیفنس ٹنڈو جہانیاں، حیدرآباد، نوابشاہ اور کراچی میں اربوں کے املاک بنائی اور اربوں روپے کو غیرقانونی طور پر کینیڈا منتقل کرکے خاندان بھی وہاں منتقل کردیا، درخواست کے مطابق میسرز یونائٹیڈ انجینئرنگ کنسٹرکشن کمپنی کو قواعد و ضوابط کے خلاف اربوں روپے کے ٹھیکے دیے گئے، درخواست میں نیب سے تحقیقات کا مطالبہ کرکے گلاب اوڈ سسٹم میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔