میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اپوزیشن جماعتیں وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار لانے میں ناکام، 6امیدوار میدان میں آگئے

اپوزیشن جماعتیں وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار لانے میں ناکام، 6امیدوار میدان میں آگئے

ویب ڈیسک
منگل, ۱ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد(بیورورپورٹ ) اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے عہدے پر متفقہ امیدوار نامزد کرنے میں ناکام ہوگئیں ٗ اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس (آج)منگل کی صبح گیارہ دوبار ہوگا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)کے امیدوار شیخ رشید احمد ٗ پیپلز پارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور سیدنوید قمر ٗ ایم کیو ایم کی کشور زہرا اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ذرائع کے مطابق پیر کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے کمرے میں اپوزیشن پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے امیدوار کیلئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید ، پرویز الٰہی ، طارق بشیر چیمہ، آفتاب شیر پاؤ، شیخ صلاح الدین اور شیریں رحمان بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر صحافی نے اپوزیشن رہنماؤں سے سوال کیا کہ کیا ایک امیدوار پر اتفاق ہوجائیگا یا اختلاف برقرار رہیں گے اور اپوزیشن کے دو امیدوار سامنے آئیں گے۔ خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی نے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ،جبکہ شیخ رشید نے مبہم جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھیں جو اللہ کو منظور۔اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس سے قبل خورشید شاہ سے شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید نے علیحدگی میں ملاقات کی جس کے دوران عمران خان کی جانب سے شیخ رشید کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی اور زرداری کے خلاف تقریر پر بات ہوئی تاہم ملاقات میں تحفظات دور نہ ہو سکے ٗملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے خورشید شاہ سے استفسارکیا کہ کیا ہم چلے جائیں؟ تاہم خورشید شاہ نے انہیں جانے سے روک دیا اور اپوزیشن پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی۔پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے اپوزیشن میں اتفاق رائے پیدا ہوجائے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیں آج شیخ رشیداحمد کانام تجویز کرکے فخر محسوس ہو رہا ہے، جبکہ ایم کیو ایم کی کشور زہرا اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ سیکرٹری قومی اسمبلی جواد رفیق ملک کے پاس دونوں رہنمائوں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے سید خورشید احمد شاہ کا نام اعجاز جاکھرانی نے تجویز کیا اور اس کی تائید نواب علی وسان نے کی، جبکہ سید نوید قمر کا نام شاہدہ رحمانی نے تجویز کیا اور اس کی تائید مسرت رفیق مہیسر نے کی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے لیے شیخ رشید کا نام دینے پر عمران خان نے جلد بازی کی، تاہم عمران خان کے بیانات سے اپوزیشن اتحاد خطرے میں پڑسکتا ہے، اپنے ایک بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہر انسان کا اپنا ظرف ہوتا ہے، عمران خان سوچتے ہیں کہ مسلم لیگ ن سے اکیلے مقابلہ کر سکتے ہیں تو انھیں سوچ تبدیل کرنی ہوگی، خورشید شاہ نے کہا کہ اگرعمران خان ایسی باتیں کرنا شروع کریںگے تو بہت سی خطرناک باتیں نکلیں گی، تحریک انصاف کو چاہیے کہ عمران کو سمجھائیں کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں