پاکستان میں بھارتی کورونا ویرینٹ داخل ہوگیا،سیکرٹری صحت سندھ کی تصدیق
شیئر کریں
سندھ کے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سراج سومرونے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں بھارتی ویرینٹ کورونا کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 3 کا تعلق کراچی، جب کہ ایک کا اندرون سندھ سے ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو نے بتایا کہ صوبے میں بھی 4 بھارتی ویرینٹ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان افراد کو بھی ٹریس کر رہے ہیں، جو اس دوران متاثرہ افراد سے رابطے میں رہے۔ ایک متاثرہ شخص کا تعلق اندرون سندھ اور دیگر 3 کا تعلق کراچی سے ہے۔ چاروں مسافروں کو کراچی میں سرکاری نگرانی میں قرنطینہ کردیا گیاہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدانخواستہ بھارتی طرز کا وائرس سندھ میں پھیلا تو حالات بہت خراب ہو جائیں گے۔ مگر ہم زائرین کو بیرون ملک جانے سے روک نہیں سکتے۔ ویکسین کیلئے سخت اقدامات اٹھانے چاہیں تھے۔حکومتی اقدامات پر قاسم سراج سومرو نے بتایا کہ لاک ڈائون سے کورونا کے پھیلائو میں کمی آئی۔ ہمیں فضائی پابندیاں لگانی چاہئیں۔ ہمیں سنجیدگی سے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ موبائل وینز کے ذریعے گائوں دیہات اور دیگر علاقوں تک جایا جائے اور ویکسین سینٹر بنا کر دیئے جائیں۔ صوبے بھر میں اب تک 250 ویکسینشن مراکز قائم کیے جاچکے ہیں، جب کہ 12 لاکھ افراد کو ویکسینیٹ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ویکسین کو اگلے مرحلے میں مزدوروں کیلئے بھی لازمی کرنا چاہیئے۔ اس سلسلے میں اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبے میں تقریبات پر پابندی ہے، ریسٹورنٹس میں بھی ڈائننگ کی اجازت نہیں۔ مارکیٹوں کا وقت بھی محدود رکھا گیا ہے۔