نہال ہاشمی کی دھمکیاں ن لیگی کلچر کا حصہ ہیں‘ عمران خان
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے نہال ہاشمی کی تقریر کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر مسلم لیگ (ن) کے کلچر کا حصہ ہے۔ایبٹ آباد میں بات کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ملک میں حکمرانوں سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے اور حکومت کے خلاف جے آئی ٹی کا راؤنڈ چل رہا ہے۔ وزیراعظم کے گھر والے خود کو شہزادے اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں اس لئے ان سے پوچھ گچھ ہونے پر خوشی ہے، آئندہ لوگ کرپشن کرتے ہوئے ڈریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کے بیان پر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ اس طرح کی قابل مذمت اور شرمناک دھمکیاں (ن) لیگ کے کلچر کا حصہ ہیں، ایک چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو خرید نہ سکے تو نوازشریف کے غنڈوں نے پہلے بھی سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کا تذکرہ انہوں نے اپنی کتاب میں بھی کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ اسلام آباد میں بنی گالا کی زمین خریدنے کیلئے ان کے پاس 13 سال پرانا منی ٹرائل اور ریکارڈ نہیں ۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ میرے پاس 2002ءمیں پیسے نہیں تھے اسلئے جمائما نے مجھے پیسے دیے، یہ پیسے مجھے میرے دوست کے ذریعے بھیجے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیسے چار اقساط میں ملے جن میں سے دو جمائما کے نام سے آئے جبکہ دو اقساط پر کسی کا نام نہیں تھا۔عمران خان نے کہا کہ جس بینک کے ذریعے جمائما نے پیسے بھیجے وہ اب بند ہو چکا ہے اور میرے لیے کہ مشکل ہے کہ میں 13 سال پرانے لین دین کی تفصیلات پیش کروں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے لندن میں سابق اہلیہ جمائما سے رابطہ کیا ہے جمائما نے رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔