میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سیسی میں بے نظیر مزدور کارڈ کے نام پر میگا کرپشن کا انکشاف

سیسی میں بے نظیر مزدور کارڈ کے نام پر میگا کرپشن کا انکشاف

ویب ڈیسک
پیر, ۱ مئی ۲۰۲۳

شیئر کریں

(رپورٹ: آصف سعود) سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) میں بے نظیر مزدور کارڈ کے نام پر میگا کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ڈھائی سال قبل مزدوروں کیلئے بے نظیر کارڈ کے اجراء کے نام پر خلاف ضابطہ من پسند کمپنی کو بغیر ٹینڈر ایک ارب روپے کا ٹھیکہ الاٹ کیا گیا من پسند کمپنی ڈھائی سال گزرنے کے باوجود 6 لاکھ 25 ہزار کے بجائے صرف 65 ہزار بے نظیر مزدور کارڈ جاری کئے جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے مزدوروں کیلئے ڈیجٹیل R-5 کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا تاکہ مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کا مکمل ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہوجائے اس ساری صورتحال کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے سیسی کے اس اقدام کو اپنی حکومت کی کارکردگی دکھانے کیلئے سیسی کے R-5 کارڈ کو بے نظیر مزدور کارڈ کا نام دیا واضح رہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر محنت چونکہ سیسی کے چیئرمین ہوتے ہیں انہوں نے R-5 کارڈ کو بے نظیر مزدور کارڈ کا نام دیا ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے R-5 مزدور کارڈ کو ڈیجٹیل کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوئے لیکن ان اجلاسوں میں سیسی کے بورڈ ممبران کو شامل نہیں کیا گیا ڈھائی سال قبل سیسی کے چیئرمین اسحاق مہر تھے جنہوں نے ستمبر 2020 میں ایک کمپنی سے مزدوروں کے R-5 کارڈ جس کا نام بے نظیر مزدور کارڈ رکھا گیا تھا اس کو بنانے کا ٹھیکہ اپنی من پسند کمپنی کو ایک ارب روپے میں الاٹ کردیا اور ستمبر 2020 میں ہی مذکورہ کمپنی کو 51 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی گئی منظور نظر کمپنی کو 2 سال کا وقت دیا گیا کہ وہ 2 سال میں 6 لاکھ 25 ہزار رجسٹرڈ مزدوروں کو بے نظیر مزدور کارڈ بناکر دے گی اس حوالے سے یکم جنوری 2021 میں مذکورہ کمپنی نے اپنا کام کرنا شروع کیا اور یکم مئی 2021 کو وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم مئی کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں بے نظیر مزدور کارڈ کو لانچ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر محنت سعید غنی اور دیگر سرکاری شخصیات شامل تھیں اس تقریب میں بلاول بھٹو رداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں مزدور کارڈ کا اجراء کرکے مزدور ڈے منارہی ہے اس مزدور کارڈ کے تحت تعلیم، صحت، شادی سے متعلق گرانٹ، مالی اعانت وظائف جیسے تمام ضروری فوائد اور سہولیات حاصل ہونگی ذریعے کا کہنا ہے کہ سیسی نے جس بے نظیر مزدور کارڈ کا اجراء بلاول بھٹو زرداری سے کرایا اسی منصوبے میں میگا کرپشن کی گئی اور ڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود 6 لاکھ 25 ہزار بے نظیر مزدور کارڈ کے بجائے صرف 65 ہزار بے نظیر مزدور کارڈ بنائے جاسکے ذریعے کا کہنا ہے کہ بے نظیر مزدور کارڈ جیسے ایک ارب روپے مالیت کے پروجیکٹ کیلئے سیسی کو سیپرا کے ذریعے ٹینڈر کرنا چاہئے تھا لیکن مذکورہ منصوبے کا کوئی ٹینڈر نہیں ہوا اور نہ ہی سیسی کے بورڈ ممبران سے اس وقت اجازت لی گئی جب چیئرمین سیسی اسحاق مہر من پسند کمپنی کو ٹینڈر دے رہے تھے معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین سیسی نے بے نظیر مزدور کارڈ بنانے کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دینے کے 9 ماہ بعد سیسی کے بورڈ ممبران سے اپروول کرائی اور سیسی کے بورڈ ممبران نے ذاتی مفاد کی خاطر بغیر کسی اعتراض کے اپروول کردی اس حوالے سے نمائندہ جرأت کو سیسی کے ایک بورڈ ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان پر صوبائی وزیر محنت کے فرنٹ مینوں کا دبائو تھا اور اس دبائو میں آکر تمام بورڈ ممبران نے اس منصوبے کی اپروول دی انہوں نے کہا کہ بے نظیر مزدور کارڈ کا منصوبہ مذکورہ کمپنی کو 2 سال میں مکمل کرنا تھا لیکن ڈھائی سال میں صرف 65 ہزار بے نظیر مزدور کارڈ بنائے گئے ہیں جبکہ اس کارڈ کی معیاد دس سال کی ہے اور جب تک یہ کارڈ بنانے کا عمل مکمل ہوگا کارڈ کی معیاد کی مدت چند سال رہ جائے گی اور ایک بار پھر اربوں روپے کا ٹینڈر کرکے اربوں روپے کی کرپشن کی جائے گی بورڈ ممبر کا کہنا ہے کہ سیسی نے اب تک جو 65 ہزار بے نظیر مزدور کارڈ بناکر مزدوروں کو دیئے ہیں اس کارڈ کا ڈیٹا معلوم کرنے کیلئے کارڈ ایڈایبل مشین اب تک فراہم نہیں کی گئی ہے جن 65 ہزار مزدوروں کے پاس کارڈ ہیں ان کی فیملی کا مکمل ڈیٹا معلوم نہیں کیا جاسکتا ہے اور بے نظیر مزدور کارڈ سیسی کیلئے بھی ایک درد سر بنا ہوا ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے بھی مزدور کارڈ کو ڈیجٹیل کیا اور پنجاب میں ایک مزدور کارڈ کی قیمت 800 روپے آئی جبکہ صوبہ سندھ میں سیسی نے جو کارڈ بنایا اس کی فی کارڈ قیمت 1600 آئی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ سیسی میں میگا کرپشن سے سیسی کا ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے معلوم ہوا ہے کہ سیسی میں بھی ہر ادارے کی طرح سسٹم مافیا سیسی کو کنٹرول کررہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں