میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی قیادت متحرک،تحریک تیز کرنے کا اعلان

عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی قیادت متحرک،تحریک تیز کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
بدھ, ۱ اپریل ۲۰۲۶

شیئر کریں

جنید اکبر خان کی زیرصدارتخیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم تنظیمی اجلاس
سہیل آفریدی نے اجلاس کے شرکاء کو صوبے کو درپیش اہم معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی

خیبر پختونخوا کی سیاسی قیادت نے تنظیمی استحکام، موجودہ سیاسی صورتحال اور بانی چیٔرمین عمران خان کی رہائی کے لیے جاری امن تحریک کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت جنید اکبر خان نے کی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی، جنرل سیکرٹری علی اصغر خان سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے تنظیمی امور، صوبے کو درپیش چیلنجز اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔ خصوصی طور پر بانی چیٔرمین عمران خان، ان کی اہلیہ اور دیگر اسیران کی مسلسل قید اور ان کی صحت سے متعلق صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی گئی۔اجلاس کے دوران پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں، سزاؤں اور قید و بند پر بھی سخت ردعمل سامنے آیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات سیاسی انتقام کے مترادف ہیں اور جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس کے شرکاء کو بانی چیٔرمین عمران خان کی رہائی کے لیے جاری امن تحریک، اس کی پیش رفت اور صوبے کو درپیش اہم معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک کی کامیابی کے لیے مؤثر رابطہ کاری، منظم حکمت عملی اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔صوبائی قیادت نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ بانی چیٔرمین کی رہائی کے حوالے سے کی جانیوالی جدوجہد میں ہر سطح پر بھرپور اور غیر متزلزل تعاون جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پارٹی قیادت اور کارکن کسی بھی دباؤ کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔شرکاء نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کو ایک فرنٹ لائن صوبہ بنا دیا گیا ہے، جہاں سکیورٹی، ترقی اور گورننس کے مسلسل چیلنجز درپیش ہیں۔ مزید برآں، وفاق کی جانب سے کیے گئے معاونت کے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ خیبر پختونخوا کے آئینی اور جائز فنڈز روک کر صوبے کو مالی دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ صوبے کے مفادات کے خلاف ہے۔اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت عوام کی خدمت، صوبے کے مفادات کے تحفظ اور ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں