ایف بی آر نے سراغ لگالیا،چوکیدار ، مزدور لگژری گاڑیوں کے مالک نکلے
شیئر کریں
فالودے اور پاپڑ والے کے بعد اب مزدوروں کے نام پر بھی بے نامی لگژری گاڑیاں رجسٹر ہونے کا ہوشربا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق بے نامی زون میں مزدور اور چوکیدار کے نام پر بارہ سے زائدگاڑیاں سامنے آگئیں ہیں، مزدور کا تعلق فیصل آباد جبکہ چوکیدار کراچی کا رہائشی ہے۔ایف بی آر زون کے مطابق فیصل آباد کا دیہاڑی دار مزدور لاکھوں کی بی ایم ڈبلیو اور لینڈ روور جیپ کا مالک نکلا، مزدور کا نام زاہد اقبال ہے جو کہ اپنے نام دو لگژری گاڑیاں رجسٹر ہونے پر حیران ہے۔مزدور زاہد اقبال کا کہنا ہے کہ گاڑیاں میرے نام پر کیسے ہیں ؟ مجھے معلوم نہیں جبکہ ایف بی آر زون کا کہنا ہے کہ زاہد اقبال نامی مزدو کے نام دو لگژری گاڑیاں ہیں، دونوں گاڑیاں بے نامی ٹرانزکشن ایکٹ کے زمر ے میں آتی ہیں۔ایف بی آر زون کے مطابق کراچی کے ایک چوکیدار کے نام پر دس گاڑیاں سامنے آئی ہیں، اس معاملے میں کار ڈیلر کا نام بھی بے نامی گاڑیوں میں استعمال ہوا ہے، ایف بی آر نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مزدور،چوکیدار اور کار ڈیلر کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔اس کے علاوہ ایف بی آر بے نامی زون نے مزدور اور چوکیدار سے دیگر ضروری دستاویز طلب کئے ہیں، دستاویز کی عدم فراہمی پر بے نامی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر نے جعلی بینک اکاؤئنٹس کیس میں کراچی میں پاپڑ والے اور فالودے والے کے اکاؤئنٹس سے اربوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشن کا سراغ لگایا تھا۔