اقوام متحدہ کا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم
شیئر کریں
اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے زیر حراست انڈین ایئر فورس کے پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے ۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹرس پاکستان اور بھارت کی قیادتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انتونیو گوئٹرس کے ترجمان نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ موجود ہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ اقوام متحدہ نے اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے مابین موجود حل طلب مسائل کا تصفیہ کرانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنیکی پیشکش کی تھی۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اگردونوں ممالک رضامند ہوں تو وہ تصفیہ طلب مسائل حل کرانے میں مدد دے سکتے ہیں۔پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دو ہفتے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھیجے گئے خط میں باقاعدہ درخواست کی تھی کہ وہ دونوں ممالک کے مابین پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کے دن پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے درپیش صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو کل رہا کردے گا۔