ڈیٹا بیس کے مربوط نظام سے احساس پروگرام سے کرپشن ختم ہوئی، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیٹا بیس کے مربوط نظام کی بدولت احساس پروگرام سے کرپشن ختم ہوئی، احساس کفالت پروگرام کے لیے مربوط نظام مرتب کرنے سے ایسے 8 لاکھ افراد کی نشاندہی ہوئی جو پروگرام کے مستحق نہیں تھے اور ان میں پیسہ چوری کرنے والے سرکاری ملازمین بھی شامل تھے ۔اسلام آباد میں احساس کفالت پروگرام کے ا جراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ 200 ارب روپے مختص کئے اور کوشش تھی کہ جلد از جلد مستحق افراد میں تقسیم کیے جائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے مستحق خواتین میں کفالت کارڈ بھی تقسیم کیے اور کفالت پروگرام کے آغاز پر معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کیا۔ کفالت کارڈ سے 70 لاکھ غریب اور مستحق خواتین کو 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، وزیراعظم نے کہا کہ انسانی تقاضہ ہے کہ کمزور طبقے پر پیسہ خرچ کیا جائے اور پروگرام سے کرپشن دور کی گئی جس کے باعث اللہ کی برکت شامل ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام میں دو مثبت چیزیں شامل ہیں کہ خواتین کا بینک اکاونٹ کھلنے سے ان کا پیسہ چوری نہیں ہوگا اور آئندہ کارڈ کے ذریعے یوٹیلیی اسٹور سے خریداری بھی ہوسکے گی۔ نادار خواتین کو اسمارٹ فون دینے کی تجویز کو مثبت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور لوگ اپنی شکایات بھی درج کرسکیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو گائے بھینسیں دیں گے تاکہ معاشی گرمیوں میں بھی حصہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ تیسرے پروگرام کے تحت مستحق گھرانے کے بچوں کو اسکالر شپ دیں گے اور ان سب کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں جس میں 7 لاکھ 20 روپے کی مد میں کہیں بھی جا کر علاج کراچکے ہیں۔ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کے منصوبے کو وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے تاکہ وہ اپنے لیے روزگار حاصل کرسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں گے جس کے تحت انہیں میرٹ کی بنیاد پر بزنس کے لیے رقم فراہم کی جائے گی جس سے اسمال انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سماجی بہبود کے پروگرام پاکستان کو سماجی مساوات پر مبنی ملک میں تبدیل کر دیں گے ۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے جمعے کے روز اسلام آباد میں باضابطہ طور پر احساس کفالت پروگرام کا آغاز کیا جس کا مقصد ملک بھر میں سترلاکھ مستحق ترین خواتین کو تین مرحلوں میں مالی طور پر بااختیار بنانا ہے ۔