میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے ، وعدے پورے ہونے چاہئیں: پرویز الٰہی

اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے ، وعدے پورے ہونے چاہئیں: پرویز الٰہی

ویب ڈیسک
هفته, ۱ فروری ۲۰۲۰

شیئر کریں

اسپیکر پنجاب اسمبلی و پاکستان مسلم لیگ (ق)کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے اور وعدے پورے ہونے چاہئیں۔ حکومت کی پہلی کمیٹی سے مذاکرات ہوئے ، اب نئی کمیٹی سامنے آگئی، ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی، وہ جمعہ کو کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے صدرعارف نظامی کی سربراہی میں سی پی این ای کے عہدیداران سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی،اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت چلے اور مدت پوری کرے ، ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں اور اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے ۔ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارے تحریری معاہدے ہوئے مگر ان پر عمل نہیں ہو رہا ۔کمیٹیاں بنائی گئیں مذاکرات ہوئے مگر مسئلے کا حل نہیں نکلا کمیٹیاں مسائل کا حل نکالتی ہیں مگر ان کمیٹیوں کی مثال پیسوں کی کمیٹیوں کی طرح ہے ۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔حکومتی کمیٹی کے حوالے سے پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکومت کی پہلی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد معاملات بہتری کی طرف چل رہے تھے ، اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے جس کی سمجھ نہیں آئی۔ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوتی ہے کہ صبر کے ساتھ چلیں، طے شدہ باتوں کی یقین دہانی کرواتے رہتے ہیں، جانتے ہیں کہ حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔ ہم ویٹ اینڈ امپرومنٹ کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔سندھ کے آئی جی کلیم امام کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان کچھ امور پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں ۔کچھ چیزیں مرکز اور کچھ چیزیں صوبوں کے کہنے پر تبدیل کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں آئی جی سندھ کلیم امام کا رویہ بالکل درست نہیں ہے ۔کلیم امام کو اس معاملے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔ان کے اس رویے کی کمیٹی بنا کر انکوائری ہونی چاہیے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی سیاست کرنی کی جرات نہ کرے ۔ان کی بیان بازی نے حالات کو مزید خراب کیا ہے ۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے پرویز الہی نے کہا موجودہ حکومت نے کشمیر کا ایشو اچھے طریقے سے عالمی سطح پر اجاگر کیا، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان نے اچھے طریقہ سے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔امید ہے کہ دنیا اس مسئلہ کے حل کی طرف توجہ دے گی انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم وتشدد کی بھی مذمت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں