میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سویڈن میں سینکڑوں افغانیوں کو جعلی کاغذات پر پاکستانی ویزے کا اجرا، دفترخارجہ کا انکوائری کا حکم

سویڈن میں سینکڑوں افغانیوں کو جعلی کاغذات پر پاکستانی ویزے کا اجرا، دفترخارجہ کا انکوائری کا حکم

جرات ڈیسک
منگل, ۱۴ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

سویڈن میں پاکستانی سفارت خانے نے جعلی دستاویزات پر افغان شہریوں کو سینکڑوں ویزے دیے جانے کے انکشاف کے بعد متعدد ممالک کے لیے ویزا آپریشن معطل کر دیا ہے، دفترخارجہ نے انکوائری کا حکم دے دیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے دفترخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز ویزا آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق جعلی سویڈش رہائشی اجازت نامے رکھنے والے افغان شہریوں کو 1600 ویزے جاری کیے گئے۔ تمام ویزے سویڈن میں پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے جاری کیے گئے تھے۔ دفتر خارجہ نے پہلے سے جاری کیے گئے تمام ویزے معطل کرتے ہوئے یورپ بھر میں اپنے مشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کو مزید ویزے جاری نہ کریں۔ تاہم جس سفارت خانے میں یہ اسکینڈل پیش آیا وہاں تمام ویزا آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی نژاد افراد کو بھی ملک کا دورہ کرنے کے لیے ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سفارت خانے کی ویب سائٹ پر خدمات کی عارضی بندش کا پیغام بھی لگایا گیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے ویزوں کا اجرا روکنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ممالک میں کچھ ویزوں کا اجرا روکا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویزوں کا اجرا عارضی طور پرروکا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نظام میں خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے اور اس حوالے سے مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ویزوں کا اجرا روکے جانے کے باعث پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک پاکستانی یوسف خان نے بتایا کہ میں ویزہ لینے گیا تو مجھ سے بہت برا سلوک کیا گیا۔ شہری کے مطابق وہ بارہ تیرہ بار پاکستان جا چکے ہیں لیکن ایسا سلوک کبھی نہیں کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں