پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری، حتمی اعلان الیکشن کمیشن اتوار کو کرے گا
جرات ڈیسک
هفته, ۲۱ جنوری ۲۰۲۳
شیئر کریں
پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ الیکشن کمیشن پہنچ گیا، جس کے لیے خصوصی اجلاس کے بعد حتمی اعلان اتوار کو کیا جائے گا۔ آرٹیکل 224 اے کے تحت نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔ حکومت اور اپوزیشن کے دو، دو نام الیکشن کمیشن کے پاس پہنچ گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لیے اہم اجلاس اتوار کو طلب کر لیا جس کے بعد الیکشن کمیشن پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں نگراں وزیراعلی کے ناموں پر غور کیا جائے گا اور کسی ایک نام پر اتفاق کر کے تقرر کی منظوری دے دی جائے گی۔ قبل ازیں حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے تھے۔ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کر رکھا ہے۔