شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
شیئر کریں
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت سمیت سیاسی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کو آگاہ کیا کہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے ناموں کے حوالے سے اتحادیوں سے بھی مشاورت کی ہے ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں پارٹی کے کارکنوں اور بیرون ملک پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی ۔پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ایک کرکٹر نے ساڑھے 3 سال میں ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا۔ہم نے ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے سیاست نہیں ریاست بچانے جیسے مشکل فیصلے کیے، عمران خان ایک بار پھر عوام کو گمراہ کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، قومی اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔قائد (ن) لیگ نے کہا کہ مریم نوازرواں ماہ کے اختتام پرپاکستان پہنچ کر پارٹی کو ازسرنو منظم کریں گی، پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔