میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گورنرسندھ ، آفاق احمد ملاقات میں مسائل کے حل کیلئے ساتھ بیٹھنے پراتفاق

گورنرسندھ ، آفاق احمد ملاقات میں مسائل کے حل کیلئے ساتھ بیٹھنے پراتفاق

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ کی سیاسی صورتحال، شہر قائد کی تعمیر وترقی کے اقدامات اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ضرورت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اختلافات ختم کرواکے لوگوں کو باہم جوڑنے کے مشن پر ہوں، اور حلف اٹھاتے ہی اس ضمن میں کاوشوں کا آغاز کردیا تھا، انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے باسی ہم سب کی جانب دیکھ رہے ہیں، کیونکہ کراچی سب کا دوست ہے، اس کا کوئی دوست دکھائی نہیں دے رہا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مسائل حل کرنے کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ہمیں خود کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ مختلف گروپوں کی باہمی گفت و شنید نہایت خوش آئند ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ صرف یہ ایجنڈا ہونا چاہئے کہ ملک کے معاشی حب کو کیسے بہتر کیا جائے، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے اجتماعی کاوش ضروری ہے، اس مقصد کے لئے جس کے پاس جانا پڑا جائوں گا، انہوں نے مزید کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی منصب پر بٹھاتا ہے تو اس کا حساب بھی دینا ہوگا، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی، کراچی کی ترقی میں مضمر ہے، سب سے یہی درخواست ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے اکٹھا ہوجائیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آفاق احمد سے بات چیت نہایت مثبت رہی، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہر قائد کے تمام اسٹیک ہولڈرز جلد ایک جگہ بیٹھ کر کراچی کے مسائل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرکے مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حلیم سے ان کی تواضع کی۔اس موقع پر آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی عدم استحکام سے متاثر ہوا ہے، مشترکہ مسائل پر ساتھ بیٹھا جا سکتا ہے، اسی لئے مہاجر قومی موومنٹ ایم کیو ایم پاکستان کے احتجاج میں شریک ہوگی جب کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے مہاجر لفظ سے دستبردار ہونے پر اختلاف ہوا تھا جس کے بعد پارٹی میں ضم ہونے سے معذرت کی تھی، البتہ ہم نے بلا خوف و رکاوٹ جدوجہد جاری رکھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں