تحریک عدم اعتماد میں تحریک انصاف کا اصل مقابلہ فوج سے تھا، فواد چودھری
شیئر کریں
سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کا اصل مقابلہ فوج سے تھا ورنہ مستحکم حکومتیں اس طرح نہیں جاتیں جس طرح اپریل میں تحریک انصاف کی حکومت گئی۔برطانوری نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ معاشی بحران سیاسی بحران کا نتیجہ ہے، عمران خان کی حکومت کو غیرضروری طور پرگھر بھیج کرمعاشی بحران پیدا کیا گیا، کسی کوپتہ نہیں کہ تین یا پانچ ماہ بعد یہاں کون سی حکومت ہوگی، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں لا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے اداروں میں کرپشن انڈیکس بڑھا۔ فواد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کا اصل مقابلہ فوج سے تھا ورنہ مستحکم حکومتیں اس طرح نہیں جاتیں جس طرح اپریل میں تحریک انصاف کی حکومت گئی، سب کو پتا ہے ہماری حکومت کی اتحادی جماعتوں کو کون کنٹرول کر رہا تھا؟ بالکل واضح تھا کہ اتحادی جماعتیں کس کی ہدایات پر عمل کر رہی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، سیاست کو سیاست دانوں پر چھوڑ دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے میں پوری طرح ملوث تھے۔ سائفر کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے امریکا میں پاکستانی سفیر کا سائفر پیش کیا، پاکستانی سفیر نے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لو سے ملاقات کے بعد سائفر بھیجا تھا، ڈونلڈ لونے کہا تھا حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئی ہوئی ہے، ڈونلڈ لو نے کہا تھا پاک امریکا تعلقات عدم اعتماد کی کامیابی یاناکامی پر منحصر ہوں گے، سائفر والی دستاویز ہم نے صدر کو بھی بھیجی تھی اور سائفر معاملے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لکھا تھا۔