نئے سال کے جشن کی اجازت،ہوائی فائرنگ،موٹرسائیکل کی ڈبل سوارپرپابندی
شیئر کریں
نئے سال کی آمد پر سکیورٹی خدشات اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر اسلام آباد اور کراچی میں ایک رات کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرکے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی ہوگی۔ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 31 دسمبر شام 6 بجے سے لے کر سے یکم جنوری تک رہے گا۔کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 31 دسمبر کی شام سے یکم جنوری تک دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ساتھ زون نے شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔ڈی آئی جی نے خط میں کہا تھا کہ پورے شہر میں نئے سال کی آمد پر جوش و جذبے کے ساتھ جشن منایا جائے گا۔نوٹی فیکیشن کے مطابق ڈی آئی جی نے کہا تھا کہ اس رات شہر کے متعدد علاقوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کار اور موٹر سائیکلوں پر سمندر کا رخ کرے گی جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل ہوں گے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے کراچی ڈویژن میں 31 دسمبر تا یکم جنوری ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیاکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر متعلقہ ایس ایس پیز کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور خلاف وزری کرنے والوں پر متعلقہ تھانوں میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔