میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
توشہ خانہ سے تحائف کس کس نے لیے؟ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں

توشہ خانہ سے تحائف کس کس نے لیے؟ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں

جرات ڈیسک
پیر, ۱۹ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات طلب کر لیں۔ لاہورہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو توشہ خانہ سے تحائف خریداری کی تفصیلات 16جنوری کوپیش کرنے کاحکم دیا ہے۔ جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات عدالت میں پیش نہیں کی جاسکتیں۔ تاہم عدالت نے ہدایت کی ہے توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف کی تفصیلات پیش کی جائیں، یہ عدالت طے کرے گی کہ یہ خفیہ ہیں یا نہیں۔ جسٹس عاصم حفیظ کے روبرو اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اس حوالہ سے وفاقی حکومت کو متعدد درخواستیں دیں مگر شنوائی نہ ہو سکی۔ اس پر عدالت میں موجود وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوں کی تفصیلات پبلک نہیں کی جا سکتیں اور نہ ہی عدالت میں پیش کی جاسکتی ہیں۔ اس پر جسٹس عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخص توشہ خانہ سے تحائف خریدتا ہے توانہیں ٹیکس ریٹرنز میں بھی ظاہر کرنا پڑتا ہے اور جب معاملہ ٹیکس ریٹرن میں ظاہر ہو جائے تو پھر یہ خفیہ کیسے رہ سکتا ہے، عدالت نے کہا کہ آپ تمام تفصیلات عدالت میں پیش کریں عدالت فیصلہ کرے گی کہ اس کو خفیہ رکھنا ہے یا نہیں رکھنا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو توشہ خانہ سے تحائف خریدنے والوں کی مکمل 16 جنوری کوپیش کرنے کا حکم دیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں