پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ؛ حکومت نے عوام حقیقی ریلیف سے محروم کردیا
شیئر کریں
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا۔گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی تاہم پٹرولیم مصنوعات پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کے باعث صارفین حقیقی ریلیف سے محروم ہوگئے۔وزارت پیٹرولیم کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی شرح 25 سے بڑھا کر 30 روپے لیٹر کردی گئی ہے۔حکام وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر 50 روپے ڈیویلپمنٹ لیوی برقرار ہے، اور مٹی کے تیل پر لیوی 7 روپے ایک پیسے سے بڑھا کر 13 روپے 10 پیسے مقرر کی گئی ہے، جب کہ لائٹ ڈیزل پر لیوی 15 روپے 39 پیسے سے بڑھا کر 16 روپے 29 پیسے کر دی گئی۔اوگرا نے پٹرول 11 روپے اور ڈیزل ساڑھے 12 روپے سستا کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم حکومت نے پیٹرول 10 روپے اور ڈیزل ساڑھے 7 روپے سستا کیا۔اوگرا نے مٹی کا تیل 16 روپے 9 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 90 پیسے سستا کرنے کی تجویز دی تھی، جب کہ حکومت نے دونوں کی قیمت میں 10 ، 10 روپے کی کمی کی۔