روس کا موجودہ حکومت سے کسی قسم کی ڈیل نہ کرنے کا فیصلہ، شوکت ترین کا دعویٰ
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے بھی موجودہ حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک انٹرویومیں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ روس نے بھی کہہ دیا ہے کہ موجودہ حکومت سے ہم ڈیل نہیں کریں گے کیونکہ ہمیں اس حکومت پر اعتماد نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس کے مطابق آئندہ الیکشن میں عمران خان آئیں گے تو ڈیل کریں گے، روس نے بھی عمران خان پراعتماد کا اظہارکیا ہے کیونکہ ان کی مقبولیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے وہ معیشت کیلئے نہیں تھے، حکومت نے معیشت کے بجائے نیب قوانین میں ترامیم کو ترجیح دی، اپنے کیسز ختم کرانے کے علاوہ حکومت نے معیشت پر کوئی توجہ نہیں دی۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے قدغن لگا دی کہ پیٹرول کی قیمت کم نہیں کرسکتے کیونکہ آئی ایم ایف کے مطابق پی ڈی ایل کی مد میں 850 ارب جمع ہونے ہیں اور اس مقصد کیلئے پیٹرول،ڈیزل کی مد میں50،50روپے کی پی ڈی ایل شامل کرنا ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت نے جلدبازی میں ایسے فیصلے کیے جونقصان دہ ثابت ہوئے، آئی ایم ایف سے قرض لیا گیا تو سخت شرائط قبول کرلی گئیں، آئی ایم ایف سے معاملات بھی جلد بازی میں طے کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پا کستان میں ڈالر کی حقیقی شرح مبادلہ 100 فیصد سے بھی زائد بڑھ چکی، اسٹیٹ بینک نے بھی کہہ دیا ہے کہ حقیقی شرح مبادلہ بہت زیادہ ہو گئی، اب حقیقی شرح مبادلہ 225 روپے فی ڈالرہے جو کہ ایکویٹی، منی مارکیٹ میں بہت زیادہ سمجھی جاتی ہے۔