اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون وانصاف کا قلمدان واپس سونپ دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری
شیئر کریں
وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے ایک مرتبہ پھر سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون وانصاف کا قلمدان سونپ دیا۔ اس حوالہ سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بدھ کے روز جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن سینئر جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن تیمورتجمل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون وانصاف کا قلمدان فوری طور پر سونپ دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سردار ایاز صادق سے وزارت قانون وانصاف کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ سردار ایاز صادق کے پاس وزارت اقتصادی امور اور سیاسی امور کے قلمدان رہیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز سینٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ مسترد کیا تھا اور انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ دوبارہ وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔