میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پینی مور ڈانٹ مقابلہ سے دستبردار، رشی سونک برطانیا کے نئے وزیراعظم ہوں گے

پینی مور ڈانٹ مقابلہ سے دستبردار، رشی سونک برطانیا کے نئے وزیراعظم ہوں گے

جرات ڈیسک
پیر, ۲۴ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

بھارتی نژاد برطانوی سیاست دان رشی سونک بلامقابلہ کنزر ویٹو پارٹی کے سربراہ منتخب ہوگئے جس کے بعد وہ ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، بلا مقابلہ کنزر ویٹو پارٹی کے سربراہ منتخب ہونے والے رشی کے آبا واجداد کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔ کنزر ویٹو پارٹی کی سربراہی کی دوڑ میں رشی سونک اور پینی مورڈانٹ شریک تھے تاہم پینی مورڈانٹ مطلوب 100 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل نہ کرسکیں جس کے بعد وہ دوڑ سے دستبردار ہو گئیں۔ پارٹی کے ریٹرننگ آفیسر نے بھی 42 سالہ رشی سونک کے بلا مقابلہ سربراہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ پارٹی سربراہی ملنے کے بعد رشی سونگ برطانیہ کے وزیراعظم ہوں گے اور وہ پہلے ایشیائی نژاد برطانوی وزیراعظم ہوں گے۔ سابق وزیراعظم بورس جانسن کے اس دوڑ سے باہر ہونے کے بعد نئے وزیر اعظم بننے کے لیے رشی سونک پسندیدہ ترین امیدوار تصور کیے جا رہے تھے۔ رشی سونک برطانیہ کے 57ویں وزیراعظم ہوں گے اور وہ گزشتہ تین ماہ کے دوران برطانیہ کے تیسرے وزیراعظم ہیں جبکہ رشی سونک برطانیہ کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ رشی سونک کے والد ڈاکٹر اور والدہ فارماسسٹ تھیں۔ رشی سونک کے آباواجداد کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا، دادا رام داس 1935 میں گوجرانوالہ سے نیروبی گئے جبکہ دادی سہاگ رانی بھی گوجرانوالہ ہی کی تھیں جبکہ والدہ 1960 کے بعد برطانیہ آئے جہاں رشی پیدا ہوئے۔ رشی سونک انفوسس کے بانی این آر نارائن مورتی کے داماد ہیں، رشی سونک کی اہلیہ اکشتا مورتی برطانیہ کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ صرف 45 روز ہی عہدے پر رہیں۔حتمی نامزدگی کے بعد اپنے پہلے مختصر بیان میں رشی سونک کا کہنا تھا کہ وہ پوری دیانت داری اور عاجزی سے ملک کی خدمت کریں گے۔ وہ برطانوی عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کر دیں گے۔نومنتخب وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ ایک عظیم ملک ہے، لیکن اسے شدید نوعیت کے معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر ملک میں استحکام اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں