بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کیلئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری
شیئر کریں
وفاقی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی اور 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر وزارت داخلہ نے انتخابات میں ایف سی، رینجرز اور پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔الیکشن کمیشن کو وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی موصول ہوگیا ہے۔ وزارت داخلہ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہوگی جبکہ رینجرز یا ایف سی کے اہلکار تمام پولنگ اسٹیںشنز کے باہر تعینات ہونگے۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ ضمنی انتخابات کے لئے تعیناتیاں 15 تا 17 اکتوبر تک ہونگی جبکہ الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ کی مطابق اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں کراچی ڈویژن کے تمام سات اضلاع میں 23 اکتوبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کے لئے بھی فوج کیو آر ایف پر ہوگی اور سندھ رینجرز کے اہلکار کراچی ڈویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہونگے۔