وزیر اعظم شہباز شریف ، حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بری
شیئر کریں
لاہور کی خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے بنائے گئے منی لانڈرنگ مقدمے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے صاحبزدارے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کر لیں ۔ گزشتہ روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں جج اعجاز اعوان کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف پیش نہیں ہوئے، ان کی لیگل ٹیم نے ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی۔ وزیراعظم کی حاضری کی استثنیٰ کی درخواست پر موقف اپنایا گیا کہ وہ سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، عدالت وزیراعظم کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے، اسی طرح حمزہ شہباز بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکلا نے طبیعت ناسازی کے باعث انکی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔اس دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل امجد پرویز نے موقف اپنایا کہ عدالت میں تحریری دلائل بھی جمع کرا دیئے جس میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کے کسی بھی گواہ نے شہباز شریف یا حمزہ شہباز کا نام نہیں لیا، تفتیشی افسر نے گواہوں کے بیان توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی۔امجد پرویز نے کہا کہ ایف آئی اے نے بدنیتی کی بنیاد پر یہ کیس بنایا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اکائونٹ میں کوئی رقم نہیں آئی، قانون کے مطابق پراسکیوشن کو اپنا کیس ثابت کرنا ہے، رشوت کے الزام میں پراسکیوشن کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، اپنے کیریئر میں ایسا کیس نہیں دیکھا جس میں پراسکیوشن بغیر ثبوت کے چل رہا ہے۔