بھارتی پولیس نے مسلمانوں کے گھرگرادیے،نوجوان کوکھمبے سے باندھ کرتشدد
شیئر کریں
بھارتی ریاست گجرات میں انتہاپسند ہندوؤں نے اپنی مذہبی تقریب نوراتری میں پتھراؤ کے الزام میں ایک مسلمان کو کھمبے سے باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذہبی تقریب میں پتھراؤ کے الزام میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار ایک مسلمان کو کھمبے سے باندھ کر چھڑی سے مار رہا ہے جبکہ ہجوم پٹائی پر خوش ہو رہا تھا اور نعرے لگا رہا تھا۔بھارت میں مذہبی تہوار نوراتری کی تقریبات کے دوران مبینہ طور پر خلل ڈالنے پر مختلف علاقوں میں مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا، گھر مسمار کیے گیے اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نئی دہلی کے ایک مقامی ادارے مکتوب میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے علاقے سرجانی گوٹھ میں نوراتری کی تقریبات میں مبینہ طور پر خلل ڈالنے پر 3 مسلمانوں کے گھر مسمار کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں مدھیا پردیش پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مندسور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ہندوں کے روایتی رقص گربا پنڈل پر پتھر پھینکنے اور منتظمین پر تیز دھار آلات سے حملہ کرنے کے الزام میں تین ملزمان کے گھر مسمار کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرجانی گوٹھ کے 19 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں سے 11 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔بھارتی نشریاتی ادارے ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مدھیا پردیش کے اندورن شہر میں 14 مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کو ایک ہفتہ قبل ہندو قوم پرست تنظیم بجرنگ دل نے گربا پنڈل کی تقریبات میں شریک ہونے پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار افراد تقریب کے دوران تصاویر بنا رہے تھے اور امن میں خلل ڈال رہے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان پر بھارتی پینل کوڈ کے سیکشن 151 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، ‘این ڈی ٹی وی’ نے گزشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ گجرات کے کھیڑا ضلع میں مبینہ طور پر نوراتری تقریب کے دوران پتھر پھینکنے والے متعدد مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کو کھمبوں سے باندھا گیا اور پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ایک رپورٹ کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس افسران نے جب گرفتار لوگوں کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا تو وہاں موجود ہجوم اس پر خوشی کا اظہار کر رہا تھا،مقامی وی ٹی وی ‘گجراتی نیوز’ نے بھی ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ 10 سے 11 ملزمان کو اندھیلہ گاں میں لایا گیا جہاں پولیس نے انہیں عوام کے سامنے سبق سکھایا ۔