ایرانی شہر زاہدان میں ہنگامے،5 اہلکاروں سمیت41 افراد ہلاک
شیئر کریں
ایران کے شہر زاہدان میں پاسداران انقلاب، مسلح افراد اور مشتعل مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 41 افراد ہلاک ہوگئے جن میں پاسداران کے کمانڈرز سمیت 5 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق ناروے میں قائم این جی او ایران ہیومن رائٹس کی جانب سے جاری بیان میں جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان میں دو روز جاری ہنگاموں میں ہلاکتوں میں تعداد 41 ہوگئی جس میں زیادہ تر شہری شامل ہیں۔ این جی او کے بیان میں کہا گیا کہ زاہدان میں نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے کو پاسداران انقلاب نے طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی اور مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی اور یہ سلسلہ زاہدان کے مختلف علاقوں میں تیز ہو گیا ادھر ایران کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ باغی مسلح افراد نے نمازیوں کے درمیان خود کو چھپا لیا اور سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب پہنچ کر دھاوا بول دیا جس میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب عالمی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ زاہدان میں ہونے والے ہنگاموں کا آغاز صوبے سیستان بلوچستان کے بندرگاہی شہر چاہ بہار سے ہوا تھا جہاں مبینہ طور پر پولیس سربراہ نے ایک 15 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے 15 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعے کی تردید کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کو مسلح باغیوں کی سازش قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ ایران میں پہلے ہی 22 سالہ مھسا امینی کی پولیس کے زیر حراست ہلاکت پر دو ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں اور ان مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 92 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔