تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا حتمی فیصلہ کر لیا
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا، پارٹی سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے، جلد تاریخی لانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا۔ پارٹی کے مرکزی قائدین کے اہم ترین مشاورتی اجلاس ہفتہ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں ہوا۔ جاری بیان کے مطابق ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او اور تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر نہایت مفصل مشاورت کی گئی۔ حکومت کی جانب سے شرانگیزی اور تشدد کے امکانات پر بھی نہایت تفصیل سے غور کیا گیا، تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت کئی ایک حکمتِ عملی نکات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی بیان کے مطابق حتمی تاریخ کے اعلان سے قبل چیئرمین تحریک انصاف کا اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عمران خان پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویژنز میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ۔ عمران خان کی جانب سے ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے گئے۔ اجلاس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کیلئے اور عوام کیلئے دوسرے قانون کی روایت ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے، قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد رستہ ہے،این آر اوز قانون کی حکمرانی کیلئے زہرِ قاتل، قوم پر مسلط بحرانوں کا حقیقی سبب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرپٹ اور مجرم گروہ کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔ بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی کے شکنجے سے آزاد کروانے کیلئے لازم ہے۔بدترین مہنگائی، معاشی بربادی اور چوروں نے شکنجے سے نجات کیلئے عوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔ عمران خان نے کہا کہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے، جلد تاریخی لانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا ۔