میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جماعت اسلامی کا مسلح ڈکیتیوں کیخلاف کل مظاہروں کااعلان

جماعت اسلامی کا مسلح ڈکیتیوں کیخلاف کل مظاہروں کااعلان

ویب ڈیسک
منگل, ۱۳ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ہر اس جگہ احتجاج کریں گے جہاں متعلقہ ذمہ داران ہوتے ہیں ،حا فظ نعیم الرحمن
چیف الیکشن کمشنر کراچی میںفوری بلدیاتی انتخابات کا اعلان کریں کیونکہ یہاں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال ، بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتوں اور ان میں شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہونے کے خلاف بدھ 14ستمبر کو شہر میں 11مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرے گی ۔کراچی کے عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر اس جگہ احتجا ج کریں گے جہاں متعلقہ ذمہ داران ہو تے ہیں ، احتجاج عوام کا جمہوری اور آئینی حق ہے۔چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ ہے کہ کراچی میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیںکیونکہ یہاں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ سندھ حکومت تو کراچی میں موجود سیلاب زدگان کے لیے بھی عملاً کچھ نہیں کر رہی اور الخدمت و دیگر این جی اوز ان کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کر رہی ہیں ۔اگر کراچی کی موجودہ ابتر صورتحال میں بھی یہاں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے تو ہم سمجھیں گے کہ چیف الیکشن کمشنر بھی سندھ حکومت کے ساتھ ملے ہو ئے ہیں ، کیونکہ جب صوبائی الیکشن کمشنر سندھ حکومت ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی مرضی کی رپورٹ پیش کرتا ہے تو چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ہے وہ اسے چیک کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پولیس اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مجرموں اور جرائم پیشہ عناصر کو پکڑا جائے خواہ ان کا تعلق کسی بھی علاقے یا کسی بھی زبان سے ہو ۔ مجرموں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے ۔ کراچی میں مقامی پولیس کا نہ ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن اس پر بات کی جاتی ہے تو اسے لسانیت کا رنگ دینے کی کوشش کی جاتی ہے ،جماعت اسلامی نے کبھی لسانیت کی بنیاد پر سیاست نہیں کی ہے بلکہ اس کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ جماعت اسلامی ہر زبان بولنے والے کی جماعت ہے ، کراچی کے مقامی اور مستند ڈومیسائل رکھنے والے ہر زبان کے فرد کو پولیس میں بھرتی کیا جائے ، جب تک مقامی پولیس نہیں ہو گی تو امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی ۔ دنیا بھر میں ایسا ہی ہوتا ہے اور پولیس بھی بلدیاتی اداروں کے ماتحت ہو تی ہے لیکن ہمارے حکمران مغرب کے نظام کی باتیں تو کرتے ہیں لیکن وہاں کی طرح بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیتے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں