سندھ میں رواں ماہ معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی
شیئر کریں
محکمہ موسمیات نے ستمبر کے مہینے میں جنوب مشرقی سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ستمبر کا موسمیاتی جائزہ جاری کر دیا جس کے مطابق رواں ماہ ملک میں کہیں معمول کے مطابق اور کہیں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب اور سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے، کشمیر کے بیشتر حصوں، خیبر پختو نخوا اور بلوچستان میں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ زائد بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ستمبر میں گلگت بلتستان میں معمول کے مطابق بارشوں کا امکان ہے، البتہ پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختون خوا میں کہیں کہیں تیز بارش سے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختو نخوا کے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ رہے گا تاہم اربن فلڈنگ کے خدشات ستمبر میں کم ہوں گے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ زراعت اور توانائی کے شعبے کے لیے ستمبر میں پانی وافر مقدار میں دستیاب ہو گا، خریف کی فصل کے لیے ستمبر کی بارشیں اچھی ثابت ہوں گی۔