میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں موسلادھابارش،مختلف واقعات میں3افرادجاں بحق آج سے نئے اسپیل کی پیش گوئی

کراچی میں موسلادھابارش،مختلف واقعات میں3افرادجاں بحق آج سے نئے اسپیل کی پیش گوئی

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۴ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

14سے 18 اگست تک کراچی سمیت سندھ میں موسلا دھار بارشوںسے سیلابی صورتحال کا اندیشہ ہے،محکمہ موسمیات
ملک کے دیگرشہروں میں بھی آج سے مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کاامکان ہے ،نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ہفتہ کے روز بارش سے متعلقہ واقعات میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے کہا کہ بارش سے متعلق تینوں کیسز کے میں تینوں افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے۔22 سالہ نعیم عباس کو گلشن اقبال کی حدود عزیز بھٹی سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لایا گیا، ان کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی۔ملیر کے علاقے الفلاح کے جمعہ گوٹھ سے ایک اور شخص کی لاش لائی گئی جس کی شناخت 45 سالہ علی محمد کے نام سے ہوئی ہے، موت کی وجہ بجلی کا کرنٹ بنی۔ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ نوردین گارڈن کے قریب گھر میں کام کرتے ہوئے علی کو کرنٹ لگ گیا۔بلدیہ ٹائون گلشن غازی میں کرنٹ لگنے سے 23 سالہ قربان سعید جاں بحق ہوگیا، لاش کو ڈاکٹر رتھ فائو سول ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا، انہیں سیکٹر ڈی-8 میں ایک گھر میں کام کرتے ہوئے اسے کرنٹ لگ گیا۔دریں اثنا ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں 28 سالہ زبیر جاوید سیلابی پانی والی ملیر ندی میں ڈوب گیا لیکن غوطہ خوروں نے بروقت کارروائی کر کے اسے بچا لیا۔محکمہ موسمیات نے 14 اگست سے 18 اگست تک ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں اور مون سون کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی ہے ،جس میں شدید بارشوں کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں سیلاب کی وارننگ دی ہے۔ہفتہ کو جاری کردہ محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق بحیرہ عرب میں ایک ڈپریشن تیار ہوا ہے جو بلوچستان میں مکران کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔اس موسمی نظام کے زیر اثر مون سون کا سسٹم ملک کے جنوبی حصوں میں مسلسل داخل ہو رہا ہے، 16 اگست کو ایک اور کم دبائو والا سسٹم سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سسٹم کے داخل ہونے کے نتیجے میں 14 اگست سے 16 اگست تک سندھ میں آندھی کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 16 سے 18 اگست کے درمیان مزید وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اگست سے 18 اگست کے درمیان کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں