میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حیدرآباد کی جیلوں میں کرپشن‘رشوت نہ دینے پرقیدیوں پرتشدد کاانکشاف

حیدرآباد کی جیلوں میں کرپشن‘رشوت نہ دینے پرقیدیوں پرتشدد کاانکشاف

ویب ڈیسک
هفته, ۳۰ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

رپورٹ ، علی نواز حیدرآباد کی جیلوں میں کرپشن اقرباپروری اور ظلم کی وجہ سے ملزم اور سزا یافتہ قیدی برابر ہو گئے جبکہ جیل میں اہلکاروں کی جانب سے قیدیوں سے بدسلوکی اور رشوت نہ دینے پر ظلم وتشدد کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کی فرمائشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سینٹرل جیل حیدرآباد میں کرپشن اور ظلم کے باعث قیدیوں نے چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ،ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد اور ممبر انسپکشن ٹیم سمیت تمام ججز صاحبان اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لیکر جیل کا دورہ کرنے اور تحقیقات کر کے کرپشن اور جرم میں ملوث جیل اہلکاروں اور افسران کے خلاف فوری کارروائی کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ حیدرآباد سینٹرل جیل ذرائع کے مطابق سپرٹینڈنٹ سمیت مختلف وارڈوں میں تعینات اہلکاروں نے ملزم اور مجرم قیدیوں کو ایک ہی صف میں کھڑا کرتے ہوئے رشوت کا بازار گرم کررکھا ہے اور مشقت معاف کرانے کے نام پربھی قیدیوں سے ہزاروں روپے رشوت طلب کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب رقم نہ دینے پر قیدیوں کو مشقت کے نام پر ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، سینٹرل جیل حیدرآباد میں خوراک کے معاملات بھی کرپشن کا شکار ہیں اور کھانا فراہم کرنے والے ٹھیکیدار سے جیل افسران کی جانب سے بھاری رشوت طلب کرنے کے باعث ٹھیکیدار نے قیدیوں کو غیر معیاری مضرصحت خوراک کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے قیدی شدید اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ دوسری جانب جیل انتظامیہ اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے جیل میں ہی قیدیوں کو ہوٹل اور دکانیں کھلوائی ہوئی ہیں جہاں دال،سبزی،گوشت اور دیگر اشیاء خوردنوش انتہائی مہنگے داموں میں فروخت کی جا رہی ہیں۔ جیل میں کچھ قیدیوں کے ذریعے افسرانوں واہلکاروں کی ملی بھگت سے منشیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے، عدالتوں میں پیش ہونے والے قیدیوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی گزارش کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل جیل حیدرآباد میں سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لیول کے افسران ماہانہ لاکھوں روپے کرپشن کے ذریعے کما رہے ہیں جبکہ جیل افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ملکر کام کرنے والے قیدی بھی اس کا حصہ بنے ہوئے ہیں، سینٹرل جیل کے قیدیوں نے حکام سے قیدیوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لے کر خفیہ تحقیقات کرانے اور ملوث افسران واہلکاروں کے خلاف کارروائی کر کے غریب اور بے گناہ قیدیوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں