میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کافیصلہ

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کافیصلہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۳ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ :شعیب مختار) کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے پر مشاورت کا آغاز ہو گیا، آئندہ چند روز میں وفاقی اور صوبائی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کراچی میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں جاری لفظی گولہ باری کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں ان کی جانب سے ایم کیو ایم کی کراچی کے مسائل کے حل لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پر جلد عملدرآمد کی حکمتِ عملی مرتب کر لی گئی ہے، گزشتہ روز ان کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں ان کی جانب سے سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے این ڈی ایم اے کو بارشوں کے دوران سندھ میں شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں ہیں دونوں فریقین میں فوری طور پر شہر قائد کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے ممکنہ طور پر جلد کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔چندروز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں بہادرآباد آنے والے ن لیگ کے وفد سے بھی وفاقی سطح پر کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی تھی جس پر ان کی جانب سے جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔واضح رہے گزشتہ تین سالوں میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے پانچ سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو مکمل طور پر اپنے اغراض و مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ٹھہری ہیں، ان کی تفصیلات یوں ہیں سابقہ حکومت کی جانب سے 10ستمبر 2019 کو فروغ نسیم کی سربراہی میں پہلی اسٹریٹجک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی بعد ازاں 10جولائی 2020 کو بجلی کے بدترین بحران پر اسد عمر، شہزاد قاسم اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے دوسری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، 20 اگست 2020 کو وفاق اور سندھ کے 6 رکنی اراکین پر مشتمل تیسری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جبکہ 30 اگست 2020 کو سابق گورنر سندھ کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے چوتھی کمیٹی تشکیل دینے کو ضروری قرار دیا گیا تھا 6 ستمبر 2020 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی کراچی آمد پر صوبائی رابطہ پر عملدرآمد کے لیے پانچویں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے1100 ارب روپے کے کراچی پیکج کی نگرانی کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں