اِدھر اُدھر نہ بھاگو، شہباز شریف سازش کی ہے تو ملک سنبھالو،عمران خان
شیئر کریں
تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اچھی بھلی ہماری حکومت چل رہی تھی اسے کیوں گرایا، شہباز شریف سازش کی ہے تو اب ذمہ داری بھی لو اور معیشت ٹھیک کرکے دکھا۔دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت نے مل کر میرے خلاف سازش کی اور شہباز شریف کو ملک پر مسلط کردیا تاکہ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرواسکیں، شہباز شریف نے پہلا حکم امریکا سے ملک میں مہنگائی کا لیا، پٹرول اور ڈیزل کی 60 روپے قیمت بڑھا دی، فضل الرحمان بھیس بدل کر عمرے پر گیا ہے تاکہ چور چور کے نعرے نہ سننے پڑیں، فضل الرحمان سمیت یہ لوگ عوام میں نہیں نکل سکتے انھیں منہ چھپانا پڑتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم پر بھی پٹرول اور بجلی مہنگی کرنے کا دبا ڈالا تھا لیکن ہم نے ریٹ بڑھانے کی بجائے اور کم کردیے، ہم نے اپنا پیٹ کاٹ کر دیگر ذرائع سے پیسے جمع کیے، ہم نے اپنے دور میں ٹیکس کی صورت میں سب سے زیادہ پیسہ اکٹھا کیا، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، جبکہ نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کی چوری کی دولت باہر پڑی ہوئی ہے۔عمران خان نے پوچھا کہ اچھی بھلی حکومت چل رہی تھی اسے کیوں گرایا، اپوزیشن نے مہنگائی کا بہانہ بنایا، جبکہ 30 دن میں جو مہنگائی ہوئی اتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی، پیپلزپارٹی کی حکومتیں توکرپشن پرنکالی گئیں اورہمیں مہنگائی کم کرنے پر نکالاگیا، تاکہ غلاموں سے اپنے مطلب کیفیصلے کراسکیں، یہ ہندوستان اور اسرائیل کا ایجنڈا نافذ کرکے پاکستان کوغلام بنانا چاہتے ہیں جو ہمیں منظور نہیں۔چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بہت گھبرایا ہوا ہے اور اس کے چہرے پر عجیب سا خوف ہے، کہتے ہیں کہ پتہ نہیں تھا کہ بارود کی سرنگیں بچھائی گئی ہیں، شہباز شریف آپ سے حکومت نہیں چلتی تو سازش کیوں کی تھی، نہ سازش کرتے اور مجھے رہنے دیتے، حالات کی ساری ذمہ داری میری ہوتی اور تم کہہ دیتے میری وجہ سے سب کچھ ہوا۔عمران خان نے زور دیا کہ اتنی بوٹ پالش کرکے اقتدار میں آگئے تو اب ذمہ داری لو، اب سازش کی ہے تو معیشت ٹھیک کرکے دکھا اور ملک کو مشکل سے نکالو، راہ فرار اختیار نہ کرو، ہم بھی جب حکومت میں آئے تھے تو تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا، لیکن ہم نے ملک کو مشکل سے نکالا، شہباز شریف جب سے تم آئے ہو ملک تیزی سے نیچے کی طرف جا رہاہے، معیشت کمزور ہوگی، تو ہماری سیکیورٹی بھی کمزور ہوگی، تم صرف اپنی چوری بچانے حکومت میں آئے تھے۔