عمران خان لکھ لیں اگست 2023 میں الیکشن ہوں گے ،مریم اورنگزیب
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ عمران خان لانگ مارچ میں 20 لاکھ لوگ لانے کا دعوے کرتے تھے، 20ہزار ہی لے آتے۔ پاکستان کی عوام اب آپ کے ساتھ نہیں ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ آپ الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، میں آج آپ کو الیکشن کی تاریخ دیتی ہوں ،لکھ لیں اگست2023 میں الیکشن ہوں گے، عدالت کو فیصلہ کرنا ہوگا عمران خان کی دھمکی میں آکر کوئی ایسا فیصلہ نہ دیں۔ عمران خان صاحب آپ نے جھوٹ بول بول کر وقت ضائع کر دیا ہے،عمران خان صاحب اب ہم کہتے ہیں آپ کو این آر او نہیں ملے گا، اس ذہنی حالت میں آپ کو بالکل بھی ٹی وی پر آنے کی ضرورت نہیں۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ آپ کہتے ہیں آپ نے ٹھیکا نہیں لیاہوا، آپ کو ٹھیکا دیا کس نے ہے ،پاکستان کے وزیراعظم میں تکبر، انا اور ضد نہیں ہے، وزیراعظم دن رات محنت کررہے ہیں تاکہ پاکستان عوام آرام اور سکون سے سو سکیں۔ سوشل میڈیا پر پولیس کے خلاف کوئی بھی مہم چلائی گئی تو اس کے نتائج آپ کو بھگتنا پڑیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب سکون کی گولی کا اثر ختم ہوتا ہے تو عمران خان ٹی وی سکرین پر نمودار ہو جاتے ہیں، ہر روز آکر اپنی ناکامی کا ماتم کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،عوام پوچھتے ہیں جو باتیں آپ آج کر رہے ہیں وہ اپنے دور اقتدار میں کیوں نہیں کیں،آپ کی پنجاب میں چار سال حکومت رہی، ماڈل ٹائون واقعے کا فیصلہ کیوں نہیں کروایا۔انہوں نے کہاکہ آپ کہتے ہیں کہ آپ نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی،اگر احتجاج پرامن کرنا تھا تو اسلحہ اور ڈنڈے کیوں اکٹھے کئے گئے تھے،آپ کی بات مان کر کس طرح عوام 2014 کی بات بھول جاتے،آپ کی سرکاری املاک کوآگ لگانے کی تیاری تھی جو آپ نے کیا بھی،آپ کی تیاری اتنی ناقص تھی کہ ایف نائن کے پارک میں آپ جلسی بھی نہ کر سکے،سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر آپ نے میٹرو سٹیشن کو آگ لگائی، درختوں کو آگ لگائی۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرکے احتجاج کی کال دینا کوئی جمہوری حق نہیں،آپ سپریم کورٹ کو کہتے ہیں کہ پیسے لے کر ن لیگ کو بچاتی ہے، اگر آپ سرکاری املاک کو آگ لگانا چاہتے ہیں تو آپ کو اس کی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی،آپ تیاری کرنے کی بات کرتے ہیں ، آپ کی تیاری سو سال بھی نہیں ہوگی،آپ جتنا مرضی بول لیں، پاکستان کی عوام اب آپ کے ساتھ نہیں ہے۔