نقل مافیا کا راج، کراچی میں کمپیوٹراسٹڈیز، نوابشاہ میں اردو اور سندھی کے پرچے آؤٹ
شیئر کریں
کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژنز میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ جس کے ساتھ ہی نقل مافیا نے اپنے پنجے گاڑنے شروع کردیے۔ کراچی میں کمپیوٹر اسٹڈیز اور نوابشاہ بورڈ کے اردواور سندھی زبان کے پرچے آؤٹ ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات کے دوران نوویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ سوا نو بجے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ امتحانی مراکز پر موجود انتظامیہ نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کو موبائل لانے پر پابندی کے باوجود پرچہ آؤٹ ہوا۔ دوسری جانب نواب شاہ میں بھی نوویں کلاس کا اردو اور سندھی کا پرچہ بھی آؤٹ ہوگیا۔ پرچہ آؤٹ ہوتے ہی واٹس ایپ پر وائرل ہوگیا۔ خیا ل رہے کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت امتحانات میں 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔ میٹرک بورڈ کے مطابق کراچی کے 18 ٹاؤنز میں 448 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔