مسلم لیگ (ن) کو ہمیشہ پاکستان کو مضبوط کرنے کی سزا دی گئی، خواجہ سعد رفیق
شیئر کریں
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا اب عمران خان کو بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا ہوگا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو ہمیشہ نہ صرف پاکستان کو مضبوط کرنے کی سزا دی گئی بلکہ مختلف ادوار میں کمزور کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے، آج سے پہلے یہ سازش جنرل پرویزمشرف نے کی اور اب عمران خان کی شکل میں کی جارہی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کو بدنام کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹرائل عمران خان کرتا ہے، میڈیا کرتا ہے لیکن ہم پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے، کوئی بھی ہمارا مینڈیٹ چھین نہیں سکتا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاناما کا مقدمہ ایک سیاسی مقدمہ ہے جب کہ عدالت میں لایا جانے والا کیس عدالت کے بجائے سڑکوں پر لایا گیا لہذا عوام کی عدالت میں پاناما کا مقدمہ لڑیں گے، نواز شریف نے ہمیشہ اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا اب عمران خان کو بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا ہوگا۔