عمران خان نے خود اسمبلی توڑ کر امریکی سازش کو کامیاب بنایا ، فیصل سبزواری
شیئر کریں
وفاقی وزیر برائے بحری امورفیصل سبزواری نے کہاہے کہ عمران خان نے خود اسمبلی توڑ کر امریکی سازش کو کامیاب بنایا، ہمیں کسی امریکی سفیر نے نہیں کہا کہ ہم سازش کر رہے ہیں، آپ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن و وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے خصوصی گفتگو کے دوران سابقہ حکمران جماعت پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے سندھ میں کام نہ کرسکے، ملک کا وزیر اعظم اور صدر مملکت سمیت پوری وفاقی کابینہ ہونے کے باوجود اگر عمران خان شہر کے لئے کچھ نہ کر پائے تو اس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔فیصل سبزواری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا تو نہیں معلوم لیکن امپورٹڈ قیادت شہر کے مسائل حل نہیں کرسکتی، شہر کے مقامی لوگ ہی مقامی لوگوں کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آئین توڑا تھا، اس لئے رات بارہ بجے عدالت کی بتی جلی، ہمارے بد ترین مخالف بھی کہہ رہے ہیں کہ اس پورے سیاسی عمل میں سب سے زیادہ بردباری کا مظاہرہ ایم کیو ایم نے کیا، ہمیں اس شہر میں نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کی ہے، 30 برسوں بعد بیلنس شیٹ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ غلطیوں کو محاسبہ کیا جاسکے۔ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری نے کہاکہ ویگو چھوڑیں ان میں سے بہت سارے لوگ ویسپا کی بھی مار نہیں ہیں۔